نیشنل

دہلی آلودگی اور دھند کے شکنجے میں، AQI 380 تک گرا، 152 پروازیں منسوخ، سڑکوں پر ٹریفک مفلوج

قومی دارالحکومت دہلی شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ گئی ہے۔ جمعہ کی صبح ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) گر کر 380 تک پہنچ گیا، جس کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ آلودگی کے ساتھ ساتھ شہر پر گھنا دھند  بھی چھا گئی، جس سے نظر آنے کی صلاحیت خطرناک حد تک کم ہو گئی اور سڑکوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔

 

نظر آنے کی صلاحیت میں کمی کے سبب آج صبح دہلی آنے اور جانے والی تقریباً 152 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جن میں 79 ڈپارچرز اور 73 ارائیولز شامل ہیں، جبکہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر دہلی ایئرپورٹ نے مسافروں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر سے چل رہی ہیں، اس لیے مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی فلائٹ اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔

 

اس ضمن میں انڈیگو اور ایئر انڈیا سمیت دیگر فضائی کمپنیوں نے بھی اپنے مسافروں کو اسی طرح کی ہدایات دی ہیں۔

 

اس وقت دہلی-این سی آر، نوئیڈا اور غازی آباد میں نظر آنے کی صلاحیت صرف 100 میٹر تک رہ گئی ہے۔ دہلی کے 39 ایئر مانیٹرنگ اسٹیشنوں میں سے 14 مراکز پر AQI 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ آلودگی آر کے پورم میں 447 رہی، اس کے بعد آنند وہار، وویک وہار اور سری فورٹ میں 442 ریکارڈ کی گئی۔ دوارکا سیکٹر-8 میں 429، نہرو نگر میں 425، این ایس آئی ٹی دوارکا اور ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں 423 جبکہ اوکھلا فیز-2 میں 422 AQI درج ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button