نیشنل

درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کیلئے کانگریس نے چادر روانہ کی

"کھرگے نے کہا کہ خواجہ غریب نوازؒ کی تعلیم ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ آج کے دور میں زیادہ موزوں ہے۔ گنگا-جمنی تہذیب، بھائی چارہ، جمہوریت اور آئین کی حفاظت ہی ہندوستان کی اصل طاقت ہے”۔

 

نئی دہلی: درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 814واں عرس مبارک جاری ہے اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام کی حاضری دی جارہی ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اجمیر شریف درگاہ کے لیے چادر روانہ کی ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر جانکاری دی ہے اور کچھ تصویریں بھی پوسٹ کی ہیں۔

 

اس سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’کانگریس صدر کھرگے نے عرس کے مبارک موقع پر اجمیر شریف درگاہ کے لیے چادر بھیجی۔ کانگریس صدر سے چادر حاصل کے لیے اقلیتی محکمہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ ملک بھر سے آئے کانگریس لیڈران کھرگے کی رہائش پر پہنچے تھے۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’اقلیتی محکمہ کا نمائندہ وفد آئندہ دنوں میں درگاہ مبارک پر چادر پیش کرے گا۔‘‘

 

کانگریس صدر کھرگے نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر خواجہ غریب نوازؒ کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں محبت و بھائی چارہ کا پیغام عام کیا ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ اجمیر شریف کے 814ویں عرس مبارک پر میں اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی طرف سے خواجہ کی بارگاہ میں چادر پیش کرتے ہوئے خود کو خوش قسمت مانتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا’’خواجہ غریب نوازؒ کی تعلیم ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ آج کے دور میں زیادہ موزوں ہے۔

 

گنگا-جمنی تہذیب، بھائی چارہ، جمہوریت اور آئین کی حفاظت ہی ہندوستان کی اصل طاقت ہے۔ اس مبارک موقع پر دعا ہے کہ ہمارے ملک میں امن، محبت، سماجی خیر سگالی اور اتحاد ہمیشہ قائم رہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

Back to top button