تلنگانہ کے یلاریڈی میں نتیش کمار کے خلاف احتجاج، خاتون ڈاکٹر اور مسلمانوں سے فوری معافی کا مطالبہ
بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے خلاف تلنگانہ کے یلاریڈی ضلع کاماریڈی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے ان کی جانب سے ایک مسلم ڈاکٹر نصرت پروین کا حجاب ہٹا دینے کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر معافی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نتیش کمار کو نہ صرف نصرت پروین سے بلا تاخیر معافی مانگنی چاہئے بلکہ مجموعی طور پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر بھی کھلے عام معذرت کرنی چاہئے۔
احتجاج کے دوران مقررین نے کہا کہ ایک اعلیٰ آئینی عہدے پر فائز شخصیت سے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی عوامی نمائندہ اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے تو اسے اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔ مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے حرکات نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
اس احتجاجی مظاہرے میں مکرم علی، حافظ رفیق صاحب، حسین صاحب، عارف صاحب، اصف صاحب سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پُرامن طریقے سے نعرے لگاتے ہوئے انصاف اور احترامِ انسانیت کے اصولوں کی پاسداری کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ اگر معافی نہیں مانگی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



