میٹ پلی میں بزمِ حمدونعت کے زیرِ اہتمام مسابقہ حمدونعت، طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم
قاری محمد مظہر علی، صدر بزمِ حمدونعت کریم نگر، کی اطلاع کے مطابق 19 دسمبر بروز جمعہ بعد نمازِ مغرب مدرسہ تجویدالقرآن، میٹ پلی میں بزمِ حمدونعت کریم نگر کے زیرِ اہتمام اور جمعیتہ علماء میٹ پلی کی نگرانی میں مسابقۂ حمدونعت میں کامیاب انگلش اور تلگو میڈیم کے طلبہ و طالبات کے مابین انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ پروگرام میں والدین، اساتذہ اور بڑی تعداد میں مقامی عوام نے شرکت کی۔
جلسے کی صدارت حضرت مولانا سید مظہر القاسمی صاحب نقشبندی، صدر جمعیتہ علماء ضلع جگتیال، نے فرمائی۔ جلسے کا آغاز حافظ القاری سید عثمان، ناظم مدرسہ اُمِّ سلمہ تربیت البنات، کی پُراثر تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ قاری محمد رفیع الدین صاحب کی نعتِ رسولؐ نے سامعین کے دلوں کو مسرور کر دیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا نے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزمِ حمدونعت کریم نگر نے ایک نہایت قابلِ تحسین قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے دلوں میں اللہ اور رسولؐ کی محبت پیدا کرنے کے لیے نعت خوانی ایک مؤثر اور بہترین ذریعہ ہے، اور علما نے اس کی بڑی تاکید کی ہے۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نئی نسل کی دینی تربیت میں سنگِ میل ثابت ہوتے ہیں۔
جلسے کی نگرانی مولانا قاری محمودالحسن قاسمی، صدر جمعیتہ علماء مٹ پلی، نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں قاری محمد مظہر علی (صدر بزمِ حمدونعت کریم نگر)، محمد سہیل صاحب (صدر بسم اللہ مسجد) اور محمد جاوید صاحب (صدر مدرسہ تجویدالقرآن) شامل تھے۔ پروگرام کی نظامت مفتی محمد ابوبکر قاسمی، ناظم ادارہ تعلیم القرآن، نے انجام دی۔ اس موقع پر مولانا محمد سلطان (نائب صدر جمعیتہ علماء)، حافظ عبدالمتین (سکریٹری جمعیتہ علماء مٹ پلی) کے علاوہ مقامی علما اور حفاظِ کرام نے بھرپور انتظامات کیے اور مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
آخر میں کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، جب کہ صدرِ محترم کی دعا پر روح پرور محفل کا اختتام عمل میں آیا۔




