جنرل نیوز

وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کے مذہبی منافرت کے خلاف قانون سازی کے اعلان کا عادل آباد جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے بھرپور خیرمقدم، اظہارِ تشکر بیان جاری

عادل آباد21/دسمبر (اردو لیکس) وزیرِ اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے مذہبی منافرت پھیلانے اور دوسرے مذاہب کی توہین کرنے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کا اعلان کیا، جس کا عادل آباد ضلع جمعیۃ علماء ہند نے پُرجوش خیرمقدم کیا ہے۔

 

ہفتہ کو حیدرآباد میں منعقدہ کرسمس تقریب کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے اپنے خطاب میں واضح انتباہ دیا کہ مذہبی توہین اور نفرت انگیزی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اس بیان پر عادل آباد جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران—ضلع صدر حافظ محمد ابوبکر حامد، جنرل سکریٹری مولانا عبدالعزیز قاسمی، ضلع نائب صدر حافظ محمد منظور احمد اور ٹاؤن صدر حافظ شیخ احمد—نے اخبارات کے لیے ایک تائیدی اور اظہارِ تشکر پر مبنی بیان جاری کیا ہے

 

۔جمعیۃ کے ذمہ داران نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے کرناٹک کی طرز پر تلنگانہ اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن میں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانون سازی، گنگا جمنی تہذیب کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے، جو ایک نہایت خوش آئند اور بروقت اقدام ہے۔ انہوں نے اس اعلان کو ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اس پر عملی طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔آخر میں جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران نے وزیرِ اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی کا اس جرات مندانہ اور ہم آہنگی پر مبنی موقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button