ایجوکیشن

عادل آباد میں ضلع سطحی گیمز اینڈ اسپورٹس میٹ کا اختتام ، کلکٹر راجرشی شاہ کا طلبہ سے خطاب 

عادل آباد میں ضلع سطحی گیمز اینڈ اسپورٹس میٹ 2025–26 اختتام پذیر، کلکٹر راجرشی شاہ کا طلبہ سے خطاب 

 چار اضلاع کے 550 طلبہ کی شرکت، بنگاری گوڑا گرلز ٹی ایم آر ای آئی ایس میں انعامات و میڈلس تقسیم

عادل آباد۔21/ دسمبر (اردو لیکس) عادل آباد
ضلع میں باصلاحیت طلبہ کو سامنے لانے اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے کے مقصد سے اتوار کے روز بنگاری گوڑا گرلز تلنگانہ مائناریٹیز ریزیڈینشل انسٹی ٹیوشنز سوسائٹی (TMREIS) کے احاطہ میں منعقدہ ضلع سطحی گیمز اینڈ اسپورٹس میٹ 2025–26 کی اختتامی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔

 

تقریب کے مہمانِ خصوصی ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل، ثقافت اور دیگر تمام شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے سے قیادت کی صلاحیت اور ٹیم اسپرٹ پروان چڑھتی ہے۔ کلکٹر نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور ناکام ہونے والوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ مزید محنت کر کے آئندہ مقابلوں میں کامیابی حاصل کریں

 

۔انہوں نے بتایا کہ حکومت تعلیم اور کھیلوں کو ترجیح دیتے ہوئے اس شعبہ میں وافر فنڈس مختص کر رہی ہے۔ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ کھوکھو، دوڑ، بیڈمنٹن، کبڈی، والی بال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں عادل آباد، نرمل، آصف آباد اور منچریال اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 550 طلبہ نے شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا

 

۔ ان مقابلوں کا کامیاب انعقاد 14 پی ای ٹیز کی نگرانی میں عمل میں آیا، جس پر کلکٹر نے منتظمین اور عملہ کو مبارکباد دی۔تقریب کے دوران طلبہ کی جانب سے پیش کردہ ثقافتی پروگرامز نے حاضرین کو خوب متاثر کیا

 

۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے کامیاب طلبہ میں انعامات، یادگاری تحائف اور میڈلس تقسیم کیے۔اس موقع پر ضلع مائناریٹیز ویلفیئر آفیسر شیخ کلیم احمد، پرنسپلز فرحین اور پلوی، متعلقہ عہدیداران، اساتذہ، پی ای ٹیز اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button