صفابیت المال انڈیا کی سالانہ کانفرنس و استعداد سازی 2025 حیدرآباد میں منعقد، عادل آباد شاخ کی شاندار کارکردگی پر تھری اسٹار کیٹیگری اعزاز

عادل آباد۔21/دسمبر (اردو لیکس)
حیدرآباد میں 21 دسمبر، بروز اتوار، نامپلی مسجد دارالعرفان میں صفابیت المال انڈیا کے زیرِ اہتمام سالانہ کانفرنس اور استعداد سازی 2025 کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ اس اہم کانفرنس میں ملک بھر میں قائم صفابیت المال کی تمام شاخوں کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس میں عادل آباد سے صفابیت المال شاخ کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے، جن میں سرپرست حافظ محمد منظور احمد، صدر مولانا سید مبشر احمد رشیدی، نائب صدر حافظ شیخ بشیر احمد، خازن حافظ عبدالعزیز، متحرک رکن حافظ امجد خان، مفتی یعقوب اسعدی سمیت دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر صفابیت المال کی تمام شاخوں کی سال بھر کی کارکردگی، خدمات اور کارگزاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی آڈٹ نظام، نظم و نسق اور رفاہی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ کانفرنس کے دوران شاخوں کے ذمہ داران کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
مرکزی ٹرسٹیان اور محاسبین کی جانب سے صفابیت المال شاخ عادل آباد کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے اسے تھری اسٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا، جس پر الحمدللہ عادل آباد شاخ کو خصوصی سرٹیفکیٹ عطا کیا گیا۔ اس کے علاوہ عادل آباد شاخ کے ذمہ داران حافظ محمد منظور احمد، مولانا سید مبشر احمد، حافظ شیخ بشیر احمد، حافظ عبدالعزیز، حافظ امجد خان اور دیگر اراکین کو بھی انفرادی طور پر سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
اس سالانہ کانفرنس میں صفابیت المال انڈیا کے صدر حضرت مولانا غیاث احمد رشادی کے علاوہ مرکزی ذمہ داران، ممتاز علماء کرام، حفاظ اور خدام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کانفرنس کا مقصد رفاہی خدمات کو مزید مؤثر بنانا، تنظیمی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور باہمی ربط و ہم آہنگی کو فروغ دینا رہا، جسے شرکاء نے نہایت مفید اور حوصلہ افزا قرار دیا۔
![]()



