ممبئی میں نردیش ایفیؔ کاشعری مجموعہ ’’دنیا عذاب میں‘‘کی تقریبِ اجرا ء25 دسمبر کو، ممتاز ادبی و علمی شخصیات کی شرکت متوقع

ممبئی ،۲۳؍دسمبر(محمد راغب دیشمکھ کی خصوصی رپورٹ)اردو ادب کے سنجیدہ اور فکری حلقوں میں ایک اہم ادبی سرگرمی کے طور پر معروف شاعر نردیش ایفیؔ کے تازہ شعری مجموعے ’’دنیا عذاب میں‘‘کی باضابطہ تقریبِ اجراء بروز جمعرات، 25 دسمبر 2025، شام 4 بجے منعقد ہونے جا رہی ہے۔
یہ تقریب کانفرنس ہال، اسلام جمخانہ، مرین لائنس، ممبئی میں ہوگی، جس میں شہر ممبئی کی متعدد ممتاز ادبی، تنقیدی اور علمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے اور ادبی حلقوں میں اس تقریب کو خاص اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔اس باوقار ادبی تقریب کی صدارت معروف محقق و دانشور ڈاکٹر اعجاز فاطمہ پاٹنکر فرمائیں گی، جب کہ شعری مجموعے کا اجرا ء بدست ڈاکٹر پرنسپل محمد سہیل لوکھنڈ والاکیا جائے گا۔
پروگرام کی نظامت معروف ادبی شخصیت فاروق سید کریں گے، جو ادبی حلقوں میں اپنے منظم، سنجیدہ اور باوقار اسلوب کے لیے جانے جاتے ہیں اور جن کی نظامت اس ادبی نشست کو ایک باضابطہ اور فکری جہت عطا کرے گی۔تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی شریک ہوں گے، جو شعری مجموعے ’’دنیا عذاب میں‘‘کے فکری، سماجی اور عصری تناظر پر اظہارِ خیال کریں گے اور شاعر نردیش ایفیؔ کی تخلیقی جہات، فکری بصیرت اور عصرِ حاضر کے مسائل سے ان کے شعری رشتے پر روشنی ڈالیں گے، جس سے سامعین کو اس مجموعے کے فکری پس منظر کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
اس ادبی نشست میں خصوصی شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر، سرفراز آرزو، نظام الدین راعین، ڈاکٹر علاؤالدین شیخ، ڈاکٹر پرنسپل محمد اسلم شیخ، مشیر احمد انصاری اور ڈاکٹر خالد شیخ شامل ہیں، جن کی موجودگی سے اس ادبی پروگرام کی علمی، فکری اور تنقیدی اہمیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ شہر ممبئی کی دیگر اہم ادبی و ثقافتی شخصیات کی شرکت بھی متوقع بتائی جا رہی ہے، جس سے یہ تقریب ایک جامع ادبی اجتماع کی صورت اختیار کر لے گی۔اس موقع پر شعری مجموعہ’’دنیا عذاب میں‘‘کے افتتاحی کلمات مشہور و معروف شاعرہ اور شاعر نردیش ایفیؔ کی والدہ لتا حیاؔ پیش کریں گی، جو اس تقریب کو نہ صرف ادبی بلکہ جذباتی اعتبار سے بھی ایک خصوصی وقار عطا کریں گے اور شاعر کی ادبی تشکیل اور فکری تربیت کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گی۔
اس شعری مجموعے کی اشاعت اور ادبی تعارف کے ضمن میں ڈاکٹر قاسم امام، حامد اقبال صدیقی، قمر صدیقی اور یوسف دیوان بھی اظہارِ خیال کریں گے، جو شعری مجموعہ ’’دنیا عذاب میں‘‘کے موضوعات، فنی اسلوب، شعری اظہار اور عصرِ حاضر سے اس کی معنوی وابستگی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اس بات کو واضح کریں گے کہ یہ مجموعہ موجودہ سماجی حالات، انسانی اضطراب اور فکری کرب کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ادبی حلقوں کے مطابق ’’دنیا عذاب میں‘‘شاعر نردیش ایفیؔ کی فکری حساسیت، سماجی شعور اور عصری کرب کا جامع اور مؤثر اظہار ہے، جس میں موجودہ عہد کے انسان کے مسائل، بے چینی، اضطراب اور داخلی کشمکش کی گونج نمایاں طور پر سنائی دیتی ہے، اسی وجہ سے اس مجموعے کے اجرا ء کو ادبی دنیا میں خاصی دلچسپی اور تجسس کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے اور اس تقریب کو ایک اہم ادبی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تقریب کا اہتمام لتا حیا فاؤنڈیشن اور اسلام جمخانہ، ممبئی کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد اردو ادب میں سنجیدہ شعری مکالمے کو فروغ دینا، نئے اور معیاری ادبی کاموں کو قارئین اور ناقدین کے سامنے لانا اور ادب دوست حلقوں کو ایک فکری اور تخلیقی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، تاکہ اردو زبان و ادب کی روایت کو نئی توانائی اور سمت میسر آ سکے۔لتا حیاؔ نے اس موقع پر شہرِ ممبئی کے تمام اردو دوستوں، سنجیدہ قارئین، ادیبوں، شاعروں اور ادب سے وابستہ افراد سے پرزور اپیل کی ہے کہ
وہ اس علمی و ادبی جشن میں بھرپور شرکت کریں، شاعر کی تخلیقی کاوش کی حوصلہ افزائی کریں اور اردو ادب کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ اس طرح کی ادبی سرگرمیاں مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتی رہیں۔



