پریس کلب، نرمل کے زیر اہتمام صحافیوں کی غیر معینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز، تمام اہل صحافیوں کے لیے ہیلتھ کارڈز اور اراضی امکنہ کی فراہمی کا مطالبہ

نرمل-23/دسمبر/پریس کلب، نرمل کے زیراہتمام، نرمل کے برسر کار صحافیوں نے آر ڈی او آفس کے سامنے غیر معینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال کا منگل 23 دسمبر 2025 سے آغاز کردیا۔
درد اور امید دونوں کے ساتھ گونج رہا ان صحافیوں کا یہ سوال کہ “کیا ہماری مشکلات و مسائل اور نمائندگیوں کو کبھی ارباب اقتدار کی وہ توجہ ملے گی جس کی وہ مستحق ہیں؟” یہ حکومت سے ان برسر کارصحافیوں کی پُراثر اپیل ہے، جو ہمیشہ سب کی آواز بنتے ہیں، آج خود سنے جانے کی امید رکھتے ہیں۔
منگل کو غیر معینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال کیمپ میں منعقدہ سخت لب و لہجے والی میٹنگ میں نرمل پریس کلب نے ارباب اقتدار سے مطالبہ کیا کہ برسر کارصحافیوں کے دیرینہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور تمام اہل میڈیا کارکنوں کو ہیلتھ کارڈز اور رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں۔
پریس کلب کے صدر راسم سریدھر نے کہا کہ نرمل ضلع ہیڈکوارٹر میں کئی برسوں سے خدمات انجام دینے والے صحافی آج بھی بنیادی رہائشی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رہائشی پلاٹس نہ ہونے کے علاوہ یہ صحافی حکومت کی فلاحی اسکیموں جیسے ہیلتھ کارڈز اور اندِرماں ہاؤزنگ اسکیم سے محروم ہیں، جس سے ان کی زندگی عدم تحفظ کا شکار ہے۔
جنرل سیکریٹری باسا لکشمی نارائنہ، اعزازی مشیران ایم۔اے۔ وسیم اور جی ۔سرینواس چاری سمیت دیگر نے کہا کہ صحافی دن رات کام کرتے ہوئے حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “جمہوریت اور عوامی بیداری میں اہم کردار ادا کرنے والا میڈیا آج بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو نہایت افسوسناک اور سراسر ناانصافی ہے”۔
ان مقررین نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً 15 برسوں سے صحافی اپنی شکایات حکومتوں، وزراء، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ افسران اور ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھتے آرہے ہیں، مگر متعدد نمائندگیوں کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ارباب اقتدار کی اس مسلسل بے توجہی نے صحافیوں کو مایوس اور دل شکستہ کر دیا ہے۔
اپنے عزم مصمم کا اظہار کرتے ہوئے ان رہنماؤں نے اعلان کیا کہ نرمل کے صحافیوں نے متفقہ طور پر آج منگل 23 دسمبر 2025 سے اپنے مطالبات کی منظوری تک اپنی غیر معینہ مدت کی زنجیری بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ صحافیوں کو درپیش مشکلات و مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور تمام اہل صحافیوں کو رہائشی پلاٹس اور ہیلتھ کارڈز فراہم کیے جائیں۔
پریس کلب، نرمل کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ صحافیوں کے لیے بنیادی تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا کوئی احسان نہیں ہے، بلکہ ان صحافیوں کے تئیں حکومت کی ذمہ داری ہے جو مسلسل بے لوث ہوکر عوامی مفاد اور جمہوریت کی خدمت کرتے ہیں۔




