مہاراشٹر کی سیاست میں تاریخی اتحاد: 20 سال بعد ٹھاکرے برادران نے ہاتھ ملا کر ممبئی پر قبضہ کا کیا اعلان

ممبئی _ 24 دسمبر ( اردولیکس ڈیسک) مہاراشٹر کی سیاست میں ایک اہم اور غیرمعمولی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تقریباً 20 برس بعد ٹھاکرے برادران نے دوبارہ ہاتھ ملا لئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ممبئی کے بلدی انتخابات میں وہ اتحاد کے طور پر میدان میں اتریں گے۔
چہارشنبہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ شیوسینا (یو بی ٹی) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا اتحاد کے شراکت دار ہوں گے اور ممبئی کو مراٹھی میئر ملے گا۔
اس موقع پر مہاراشٹر کے سابق چیف منسٹر اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے کہا کہ “چاہے کچھ بھی ہو، ممبئی ہمارے ساتھ رہے گی۔”
ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 15 جنوری کو بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن سمیت 28 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات ہوں گے۔ اسی دن 32 اضلاع کی ضلع پریشدوں اور 336 پنچایت سمیتیوں کے لیے بھی ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ کرائی جائے گی۔ انہی انتخابات کے پیش نظر دونوں پارٹیوں نے مل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی دوران شیوسینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نے اسے ایک تاریخی آغاز قرار دیا اور کہا کہ ایک ناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا–بی جے پی اتحاد سے ناراض افراد ان کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2005 میں ایک دوسرے سے الگ ہونے والے ٹھاکرے برادران حالیہ مہینوں میں پہلی بار ایک ہی اسٹیج پر نظر آئے تھے، اور اب تقریباً دو دہائیوں بعد انہوں نے باضابطہ طور پر سیاسی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔



