جنرل نیوز

عادل آباد کے بیلا منڈل میں خودساختہ آر ایم پی ڈاکٹر لکشمن کی غفلت، بزرگ خاتون فوت — ملزم گرفتار

عادل آباد کے بیلا منڈل میں غیر مجاز آر ایم پی ڈاکٹر لکشمن کی غفلت، بزرگ خاتون فوت — ملزم گرفتار

عادل آباد،24/دسمبر (اردو لیکس) ضلع عادل آباد کے بیلا منڈل میں خودساختہ آر ایم پی ڈاکٹر کے طور پر کام کرنے والے شخص کی سنگین غفلت کے نتیجے میں ایک 65 سالہ بزرگ خاتون فوت ہو گئی۔بیلا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ بیلا پولیس نے میڈیا کو اس ضمن میں تفصیلات بتائی، پولیس کے مطابق اندرا نگر، بیلا منڈل کی رہائشی اروتا شانتا بائی (65) کو سینے میں درد اور چکر آنے کی شکایت ہوئی

 

، جس پر لکشمن نامی شخص نے خود کو آر ایم پی ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے بغیر کسی طبی اہلیت کے ہائی ڈوز انجکشن اور گولیاں دے دیں۔ دوا دینے کے بعد خاتون کی طبیعت مزید بگڑ گئی، جس پر خاتون کو 108 ایمبولینس کے ذریعے عادل آباد کے رِمس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔اس واقعہ پر بیلہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 230/2025 زیرِ دفعہ 105 بی این ایس درج کیا گیا۔پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے

 

کہ ملزم گزشتہ تقریباً 15 برسوں سے غیر قانونی طور پر آر ایم پی ڈاکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے معصوم عوام کو ہائی ڈوز انجکشن لگا کر رقم وصول کرتا رہا ہے۔تفتیش کے دوران ملزم کے قبضے سے استعمال شدہ سرنجیں، انجکشن اور گولیاں برآمد کر کے پنچنامہ انجام دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ماضی میں بھی اسی نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

 

پولیس نے واضح کیا کہ غیر مجاز طبی عمل عوام کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے اور ایسے نااہل ڈاکٹرس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاج صرف سرکاری یا تسلیم شدہ، کوالیفائیڈ ڈاکٹروں سے ہی کروائیں اور غیر مجاز افراد سے انجکشن یا دوائیں ہرگز نہ لیں۔ اگر کہیں غیر قانونی طبی پریکٹس نظر آئے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔

 

ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے اس معاملے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے پر جینتھ سی آئی اور بیلا پولیس عملہ کو مبارکباد دی۔اس کارروائی میں بیلا کے ایس آئی اور دیگر پولیس اہلکار بھی شریک رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button