اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن نظام آباد کے انتخابات محمد انصار علی صدر، محمد شکیل سٹی سیکریٹری منتخب
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن نظام آباد کے انتخابات
محمد انصار علی صدر، محمد شکیل سٹی
سیکریٹری منتخب
نظام آباد، 26/ ڈسمبر (اردو لیکس) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) نظام آباد کے انتخابات برائے معیاد 2026 تا 2028 خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ انتخابات کے نتیجے میں محمد انصار علی (بی ایس سی )کو اتفاقِ رائے سے صدر منتخب کیا گیا۔ ان کی قیادت میں نظام آباد سٹی کی نئی باڈی کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔
منتخب شدہ سٹی باڈی میں محمد شکیل کو سٹی سیکریٹری، انس عبدالرحمن کو جوائنٹ سیکریٹری، محمد احتشام کو میڈیا سیکریٹری، مجتبیٰ انس کو کیمپس سیکریٹری اور محمد فواز کو ICA سیکریٹری منتخب کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی صدر محمد انصار علی نے کہا کہ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن گذشتہ 1982 سے تقریباً 45 برسوں سے نظام آباد میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کے مسائل کے حل، اسلامی شعور کی بیداری اور ملتِ اسلامیہ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اسلام سے وابستہ کرنے کا اہم فریضہ انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی یا کسی بھی نوعیت کے مسائل میں SIO ہر وقت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور تنظیم کے ذمہ داران سے بلا جھجک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ذمہ داری انہیں صدر کی حیثیت سے سونپی گئی ہے، ان شاء اللہ وہ اسے پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
محمد انصار علی نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی نوجوان اولاد کو اسلامی اجتماعیت، صحیح تصورِ دین اور مقصدِ زندگی سے جوڑنے کے لیے SIO سے وابستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ SIO اپنی تمام سرگرمیاں اللہ کی رضا اور فلاحِ آخرت کے لیے انجام دیتی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ دو برسوں میں نظام آباد کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچ کر انہیں مقصدِ زندگی اور اسلامی شعور سے جوڑنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی



