ایک ماہ کے دوران 11.9 ملین زائرین نے عمرہ ادا کیا۔ انتظامیہ حرمین شریفین

ریاض ۔ کے این واصف
مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایک ماہ( جمادی لاآخر1447) میں مقدس مساجد میں نمازیوں اور زائرین کی مجموعی تعداد 68.7 ملین رہی۔ جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2.1 ملین زیادہ ہے۔
خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق مسجد الحرام میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد 30 ملین سے زیادہ رہی جبکہ 11.9 ملین افراد نے عمرہ ادا کیا، 94 ہزار سے زیادہ افراد نے حجر اسماعیل( الحطیم) میں نماز ادا کی۔ اعداد وشمار کے مطابق ایک ماہ میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 1.7 ملین سے زیادہ رہی۔ ان کا تعلق مختلف ملکوں سے ہے۔
عمرہ زائرین کی آمد میں اضافہ سعودی عرب کی مستقل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ حج و عمرہ کے نظام کو بہتر بنایا اور وژن 2030 کے اہداف حاصل کیے جائیں۔اس میں دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمانوں کو حرمین شریفین تک آسان رسائی فراہم کرنا۔ معتمرین کے لیے سفر کے آغاز سے واپسی تک ایک مکمل روحانی اور آرام دہ تجربہ یقینی بنانا شامل ہے۔
مسجد نبوی میں ایک ماہ کے دوران نمازیوں اور زائرین کی تعداد 23.1 ملین ریکارڈ کی گئی۔ روضہ شریفہ( ریاض الجنہ) میں 1.3 ملین افراد نے نماز ادا کی۔ روضہ رسول پر حاضری دینے والوں کی تعداد 2.3 ملین رہی۔جنرل اتھارٹی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے نمازیوں اور زائرین کی تعداد کو ٹریک کرنے کےلیے جدید سینسر ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے۔
یہ نظام آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے، ہجوم کے بہاو کو منظم کرنے میں معاون ہے۔



