تلنگانہ

مشن چبوترا مہم: عادل آباد میں رات دیر گئے کارروائی، 150 افراد تحویل میں، امن و امان کے لیے سخت نگرانی ۔ ڈی ایس پی

تلنگانہ کے عادل آباد ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی کی قیادت میں شہر بھر میں امن و امان کی برقراری کے مقصد سے مشن چبوترا مہم بڑے پیمانے پر چلائی گئی۔ یہ کارروائی عادل آباد کے ون ٹاؤن، ٹو ٹاؤن، موالا اور رورل پولیس اسٹیشن حدود میں رات دیر گئے انجام دی گئی۔

 

اس مہم کے دوران غیر ضروری طور پر رات کے اوقات میں باہر گھومنے والے افراد، چبوتروں اور عوامی مقامات پر بلا وجہ وقت گزارنے والوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں انہیں کونسلنگ کے بعد سخت انتباہ دے کر رہا کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کے تحت تقریباً 150 افراد کو تحویل میں لیا گیا تھا۔ حکام نے واضح کیا کہ آئندہ ایسے افراد پائے جانے پر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رات 10:30 بجے سے قبل اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔ تاہم طبی، ہاسپٹل اور دیگر ہنگامی ضروریات کے لیے آنے جانے والوں کو اس کارروائی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

 

مزید برآں پولیس نے سالِ نو کی تقریبات اپنے گھروں میں پرامن انداز میں منانے، رات کے اوقات میں شراب نوشی اور تیز رفتار ڈرائیونگ سے اجتناب کرنے کی سخت ہدایت دی۔ واضح کیا گیا کہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانا قابلِ سزا جرم ہے، اس ضمن میں خصوصی چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

مشن کے دوران پولیس کی بڑے پیمانے پر تعیناتی عمل میں لائی گئی جبکہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور جرائم کی روک تھام ہے۔

 

اس موقع پر ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور عوام کے تعاون سے شہر کو محفوظ بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button