تلنگانہ اسمبلی کا کل پیر سے سرمائی اجلاس – چندرشیکھر راو کی شرکت
تلنگانہ کی سیاست ایک بار پھر گرما نے والی ہے، جہاں پیر سے شروع ہونے والا قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس غیر معمولی ہنگامہ آرائی کا پیش خیمہ بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ حکمران کانگریس اور اپوزیشن بی آر ایس کے درمیان دریاؤں کے پانی کی تقسیم پر جاری کشیدگی اس اجلاس کی توجہ کا مرکز رہے گی۔
بی آر ایس نے تلنگانہ کے آبی حقوق کے تحفظ کے نام پر عوامی تحریک چھیڑنے کا اعلان کیا ہے، جس پر کانگریس حکومت نے اسمبلی کے فلور پر کھلی بحث کا چیلنج دے کر سیاسی محاذ آرائی کو مزید تیز کر دیا ہے۔ اس تناظر میں اپوزیشن کے قائد اور بی آر ایس کے صدر چندر شیکھر راؤ کی اسمبلی میں واپسی کو خاص اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کے سی آر نے پارٹی قائدین کو واضح کیا ہے کہ وہ 29 تاریخ سے شروع ہونے والے اجلاس میں شریک ہوں گے اور حکومت کے طے کردہ ایجنڈے کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد آئندہ کی حکمتِ عملی طے کی جائے گی
۔ اسی سلسلے میں اتوار کی شام وہ ایرّاولی فارم ہاؤس سے روانہ ہو کر بنجارہ ہلز میں واقع اپنی رہائش گاہ پہنچے، جس سے سیاسی حلقوں میں سرگرمی مزید بڑھ گئی ہے۔



