سوشل میڈیا ریلس بناتے ہوئے خاتون اسسٹنٹ پروفیسر چٹانوں کے درمیان پھنس گئی

حیدرآباد: سمندر کے ساحل کنارے بیچ پر چٹانوں پر کھڑے ہو کر ریلس بناتے وقت پھسل کر چٹانوں کے درمیان پھنس جانے والی ایک خاتون اسسٹنٹ پروفیسر کو پولیس نے بحفاظت بچا لیا۔
مدورائی سے تعلق رکھنے والی ویشناوی (26) چنئی کے ایک کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ویشناوی اپنی سہیلیوں کے ساتھ سیاحت کی غرض سے پڈوچیری گئی تھیں۔
اتوار کی شام پڈوچیری بیچ پر بڑی چٹانوں پر کھڑے ہو کر ریلز بنا رہی تھیں کہ توازن بگڑنے کے باعث پھسل کر چٹانوں کے درمیان جا گریں۔
سہیلیوں کی چیخ و پکار پر پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا تاہم ابتدائی کوششوں میں ویشناوی کو باہر نکالنے میں ناکامی ہوئی۔بعد ازاں ریسکیو ٹیم کرین کے ساتھ پہنچی چٹانوں کو ہٹا کر ویشناوی کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔
اس دوران ان کے پیروں میں چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں پڈوچیری کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔



