تلنگانہ تحریک کے فنکاروں کو ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ فورم کےاحتجاج اور جدوجہد کو تلنگانہ جاگروتی کی بھرپور تائید و حمایت: کے کویتا

تلنگانہ تحریک کے فنکاروں کو ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ
فورم کےاحتجاج اور جدوجہد کو تلنگانہ جاگروتی کی بھرپور تائید و حمایت: کے کویتا
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا سے تلنگانہ تحریک سے وابستہ فنکاروں نے دفترتلنگانہ جاگروتی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فنکاروں نے ثقافتی سارتھی میں ملازمتیں فراہم نہ کئے جانے پر اپنی ناراضگی اور تکلیف کا اظہار کیا۔ کلواکنٹلہ کویتا نے فنکاروں کو یقین دلایا کہ تلنگانہ جاگروتی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔
کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کو آگے بڑھانے میں صرف تقاریر ہی نہیں بلکہ گیت اور فن نے بھی بنیادی کردار ادا کیا۔ جہاں بزرگ رہنماؤں نے اپنی باتوں سے ریاست تلنگانہ کی ضرورت کو اجاگر کیا، وہیں فنکاروں نے گاؤں گاؤں جا کر رقص و نغمہ کے ذریعے تحریک کو عوامی شکل دی، جس کے باعث تحریک زور پکڑتی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک کی روح اور اس کی امنگوں کو زندہ رکھنے میں تلنگانہ کے گیتوں کا کلیدی کردار رہا ہے۔ ہزاروں فنکاروں نے گاؤں گاؤں گھوم کر گجے باندھ کر گیت گائے اور رقص پیش کیا۔کلواکنٹلہ کویتا نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں تلنگانہ ثقافتی سارتھی میں 550 افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئیں
، تاہم اسی سطح کی اہلیت رکھنے کے باوجود کئی فنکار آج بھی ملازمتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام اہل فنکاروں کو فوری طور پر روزگار فراہم کیا جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ تحریک فنکار فورم کی جانب سے شروع کی گئی جدوجہد کو تلنگانہ جاگروتی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور کانگریس پارٹی کو فنکاروں کو روزگار دینے کے اپنے وعدے پر قائم رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا پارک کے قریب فنکاروں کی جانب سے احتجاجی پروگرام میں تلنگانہ جاگروتی بھی شریک ہوگی۔



