جگتیال ضلع میں موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی کیڈر میٹنگ کا انعقاد

جگتیال میں موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی کیڈر میٹنگ کا انعقاد
ضلع جگتیال میں موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی ایک کیڈر میٹنگ کا انعقاد این این فارم ہاؤس، کورٹلہ میں کیا گیا، جس کی صدارت احمد عبدالنعیم، نائب صدر ریاستی ایم پی جے نے کی۔ اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر عبدالمجید شعیب، صدر ریاستی ایم پی جے نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز الیاس احمد خان، رکن مجلس عاملہ ایم پی جے، تلنگانہ کی جانب سے قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء کا تعارف کروایا گیا۔ اپنے خطاب میں صدر شعیب نے قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں کہا کہ "کسی قوم کی حالت تب تک نہیں بدلتی جب تک وہ خود اپنے آپ کو نہ بدلے۔” انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کو ایک صبر آزما دور سے گزرنا پڑ رہا ہے، ایسے میں ہمیں حوصلے اور صبر کے ساتھ متحد رہنا چاہیے۔
صدر شعیب نے خاص تربیتی پروگرام کے بارے میں بھی گفتگو کی اور بتایا کہ ریاست بھر میں جہاں جہاں ایم پی جے کی شاخیں موجود ہیں، وہاں ووٹروں کے لیے مفت رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مقام پر چند افراد کو جو کمپیوٹر کا علم رکھتے ہیں، تربیت دی جائے گی تاکہ جلد ہی رہنمائی مراکز فعال ہوں۔
انہوں نے موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا قیام 2005 میں متحدہ آندھرا پردیش میں عمل میں آیا۔ یہ ایک سماجی تنظیم ہے جو مذہب و ملت کی تمیز کے بغیر تمام انسانوں کی خدمت کرتی ہے اور ملک میں عدل و انصاف کے قیام کو اپنے مقاصد میں شامل رکھتی ہے۔
اس موقع پر ایم پی جے کے بانی ارکان محمد نعیم الدین (کورٹلہ)، محمد شعیب الحق (جگتیال)، محمد شمشیر الحق (رائکل) کے علاوہ جگتیال صدر ڈاکٹر ضمیر علی عدنان، کورٹلہ صدر محمد نصیر الدین مجیب، رائکل صدر خواجہ معین الدین اور دیگر شرکاء موجود تھے۔



