ایجوکیشن

نرمل میں دو روزہ ضلعی سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن کا ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد کے ہاتھوں افتتاح

نرمل میں دو روزہ ضلعی سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن کا ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد کے ہاتھوں افتتاح

Oplus_16908288

نرمل، 29/ڈسمبر (ایم۔اے۔ وحید): نرمل میں ضلع سطح کے دو روزہ سائنس فیئر و اِنْسپائر ایگزیبیشن کا انعقاد عمل میں آیا، جس کا افتتاح ضلع ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارہ جات) فیضان احمد نے شمع روشن کرکے کیا۔

 

اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد نے عظیم سائنس دان سر آئزک نیوٹن کی سوچ اور فکر کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سیب درخت سے سیدھا زمین پر گرا تو نیوٹن نے یہ سوال اٹھایا کہ سیب سیدھا نیچے ہی کیوں گرا، کسی اور سمت کیوں نہیں۔ اسی جستجو اور تحقیق کے نتیجے میں انہیں قوتِ کشش (تجاذب) کا علم ہوا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ کسی بھی بات کو اندھا دھند قبول کرنے کے بجائے اس کی تحقیق کریں، وجوہات جاننے کی کوشش کریں اور اپنی سوچ کو سائنسی اور منطقی انداز میں پروان چڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سائنس فیئر میں شرکت کرنے والے طلبہ کو نیوٹن کی طرح تجسس اور تحقیق کی عادت اپنانی چاہیے اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ مقام حاصل کرنا چاہیے۔

 

اس سے قبل ضلع مہتممِ تعلیمات بھوجنا نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے عظیم سائنس دانوں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، آریہ بھٹ، سر سی وی رامن اور دیگر کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائنس فیئر و اِنْسپائر ایگزیبیشن کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں نہ صرف سائنسی سوچ کو فروغ دینا ہے بلکہ مشاہدے اور تحقیقی صلاحیتوں کو بھی نکھارنا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ جستجو کے جذبے کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سمیت دیگر سائنس دانوں کی طرح سائنس کے میدان میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غربت کے باوجود انہوں نے دلچسپی اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کی، ابتدا ہی سے سائنسی سوچ کو فروغ دیا اور نہ صرف ایک نامور سائنس دان بنے بلکہ ملک کے مثالی صدر بھی رہے۔

 

ڈی ای او نے بتایا کہ اس سائنس فیئر میں 724 سائنس ایگزیبٹس اور 119 اِنْسپائر ماڈلز سمیت مجموعی طور پر 843 ماڈلز کی نمائش کی جا رہی ہے۔

 

افتتاحی تقریب میں مقامی سرپنچ، شیخ شبیر علی صدر ٹی ایس پی ٹی اے و میوا ،ڈاکٹر ساجد معراج، جنرل سیکرٹری ٹی ایس پی ٹی اے ،اساتذہ تنظیموں کے صدور و سیکریٹریز، اساتذہ ، کثیر تعداد میں طلباء و اولیائے طلبا اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button