کریم نگر شہر میں غیر قانونی عمارت کی تعمیر سے علاقہ کے عوام پریشان – 9 فٹ گلی میں چار منزلہ عمارت
کریم نگر شہر میں میونسپل کارپوریشن کے ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کی مبینہ سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات بے لگام ہوچکی ہیں۔ شہری قوانین کو پامال کرتے ہوئے بعض عمارت مالکان من مانی کررہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس پر عوامی حلقوں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
خصوصاً شہر کے 52ویں ڈویژن، سواران اسٹریٹ میں صورتحال نہایت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ صرف 9 فٹ چوڑی تنگ گلی میں بغیر کسی اجازت کے جی+4 عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے یہ غیر قانونی تعمیر جاری ہے، مگر نگران افسران کوئی مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عمارت مالک نے قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سڑک کی سمت ساڑھے چار فٹ تک بالکنی بڑھا دی ہے، جس کے باعث گلی میں پیدل گزرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ تعمیراتی سامان سڑک پر ڈالنے سے مقامی مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ڈرینج نظام متاثر ہونے کے سبب گندا پانی پڑوسی گھروں میں داخل ہورہا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اس غیر قانونی تعمیر کے خلاف میونسپل دفتر میں شکایت درج کرائی تو ٹاؤن پلاننگ افسر نے اصل ملزم کے بجائے شکایت کنندہ کو ہی پرانے نوٹس بھیج کر ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔
اگرچہ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ تین بار نوٹس جاری کئے گئے، لیکن تعمیر ایک دن کے لئے بھی نہ رکنے سے مبینہ طور پر رشوت کے الزامات عائد ہورہے ہیں۔ مقامی عوام نے سوال کیا کہ جب 9 فٹ سے کم چوڑی سڑک پر بالکنی کی اجازت نہیں تو پھر کارروائی کیوں نہیں کی جارہی۔
مقامی شہریوں نے ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنر سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے غیر قانونی بالکنیوں کو منہدم کرنے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بصورت دیگر گلی کے مکینوں نے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کی وارننگ دی ہے۔



