جنوری 10 کوحیدرآباد میں بچوں کے لیے اردو کتاب میلہ

حیدرآباد(راست)بچوں کا اردو کتاب میلہ تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ میلہ بچوں میں مطالعے کی عادت پیدا کرتا، اردو زبان سے محبت بڑھاتا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد ناظم علی سرپرست انجمن اطفال تلنگانہ نے حیدرآباد میں منعقد ہ اجلاس سے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اردو کتابی میلہ کے ذریعے بچوں کو معیاری کہانیاں، نظمیں اور معلوماتی کتابیں مناسب قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ کتاب میلہ بچوں کے ذخیر الفاظ میں اضافہ کرتا، فہم و ادراک بہتر بناتا اور اخلاقی اقدار کو فروغ دیتا ہے۔
یوں یہ میلہ تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔قبل ازیں سید جاوید محی الدین نائب صدر انجمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ بچوں میں اردو زبان وادب کے فروغ،مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے،مطالعہ کا شوق پروان چڑھانے،طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو ابھارنے میں یہ میلہ ایک اہم کردار ادا کرے گا۔نائب صدرڈاکٹر سیداسرار الحق سبیلی نے عصر حاضر میں بچوں کے ادب کی اہمیت کو بیان کیا۔
ڈاکٹر عزیز سہیل نے بچوں کے اردو میلہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ میلہ انشاء اللہ 10جنوری بروز ہفتہ اردو گھر مغل پورہ حیدرآباد پر صبح 10بجے تا 4بجے منعقد ہوگا۔اس میلہ میں اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ 10روپئے کی قیمت کے کتابیں بچوں کے لیے دستیاب ہوں۔
میلہ میں بچوں کی کہانیاں،شاعری کی کتابیں،اخلاقی و تاریخی کتابیں،سائنس و جنرل نالج کی اردو کتابیں،کلاسکی ادب،شخصیات پر کتابیں،تعلیمی منصوبہ بندی سے متعلق کتابیں دستیاب رہیں گی۔اس اجلاس میں حافظ عبدالمعید،محسن خان و دیگر موجود تھے۔



