ایجوکیشن

نرمل میں دو روزہ ضلعی سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن کا اختتام

نرمل میں دو روزہ ضلعی سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن کا اختتام

 

نرمل، 30/ڈسمبر (ایم۔اے۔وحید): سینٹ تھامس ہائی اسکول، نرمل میں منعقدہ دو روزہ ضلعی سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن اتوار کے دن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اس سائنسی نمائش میں ضلع بھر کے سرکاری اور خانگی اسکولوں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 843 سائنسی ماڈلز پیش کیے، جن میں 724 سائنس ماڈلز اور 119 انسپائر ماڈلز شامل تھے۔

 

نمائش میں پیش کئے گئے ماڈلز میں سے سائنس جونیئر زمرہ کے 7، سینئر زمرہ کے 7 اور اِنْسپائر زمرہ کے 12 ماڈلز کو ریاستی سطح کے سائنس فیئر و اِنْسپائر ایگزیبیشن کے لئے منتخب کیا گیا۔ کامیاب طلبہ کو آر جے ڈی ستیہ نارائن ریڈی کے ہاتھوں انعامات و اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ضلع مہتممِ تعلیمات بھوجنا اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

 

اس سائنسی نمائش کو دیکھنے کے لیے نرمل ضلع کے مختلف سرکاری و خانگی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور پیش کردہ ماڈلز کا گہری دلچسپی اور جوش و خروش کے ساتھ مشاہدہ کیا اور بہت متاثر ہوئے۔

 

سائنس فیئر و انسپائر ایگزیبیشن میں پیش کئے گئے تخلیقی اور اختراعی ماڈلز کے ذریعے طلبہ کی سائنسی فکر، تحقیقی صلاحیت اور اختراعی ذہنیت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ ماہرینِ تعلیم نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سائنسی نمائشیں طلبہ میں سائنسی اور منطقی سوچ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تحقیق اور اختراع کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہیں۔

 

اساتذہ، والدین اور دیگر شرکاء نے سائنس فیئر کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمۂ تعلیم، منتظمین اور اسکول انتظامیہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی و سائنسی پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

 

اختتامی تقریب میں شیخ شبیر علی صدر و ٹی ایس پی ٹی اے، ڈاکٹر ساجد معراج ،جنر سیکرٹری ٹی ایس پی ٹی اے ،اساتذہ تنظیموں کے صدور و معتمدین اور دیگر نے شرکت کی۔

Oplus_16908288

متعلقہ خبریں

Back to top button