نئے سال کے موقع پر ضلع پولیس کی سخت ہدایات — 15 ڈرنک اینڈ ڈرائیو چیک پوسٹس قائم ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن
نئے سال کے موقع پر ضلع پولیس کی سخت ہدایات — 15 ڈرنک اینڈ ڈرائیو چیک پوسٹس قائم ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن
عادل آباد۔
30 دسمبر (اردو لیکس) عادل آباد ضلع ایس پی اَکھل مہاجن آئی پی ایس نے کہا ہے کہ 31 دسمبر کی رات اور نئے سال کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک پریس بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور تہوار کو پُرامن ماحول میں منائیں۔
ایس پی نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 30 ڈرنک اینڈ ڈرائیو چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں، جن میں سے 15 چیک پوسٹس صرف عادل آباد شہر میں ہوں گی۔ ڈرنک اینڈ ڈرائیو میں ملوث پائے جانے والے افراد کی گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ٹرپل رائیڈنگ، رانگ سائیڈ ڈرائیونگ، تیز رفتاری، ریش ڈرائیونگ اور اسپیڈ ریسنگ کو قانوناً جرم قرار دیتے ہوئے اس طرح کی خلاف ورزیوں پر بھی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نابالغوں کی جانب سے گاڑی چلانے کی صورت میں نہ صرف نابالغ بلکہ ان کے والدین کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔ نئے سال کی تقریبات کے دوران ڈی جے سسٹمز کی کسی بھی صورت اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح سڑکوں پر کیک کاٹنا، پٹاخے جلانا، موٹر سائیکل ریسنگ کرنا اور عوامی مقامات پر ہنگامہ آرائی کرنا قانون کے تحت جرم ہے، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس پی کے مطابق، پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر جلسے، جلوس، ریلیاں، عوامی پروگرامس، ایونٹس یا کسی بھی قسم کی تقریبات منعقد نہیں کی جا سکتیں۔ ضلع بھر میں پولیس ایکٹ 30 نافذ العمل ہے۔ فارم ہاؤسز اور ریسارٹس کو بھی مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت ہی سرگرمیاں انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نجی تقریبات کے انعقاد کے لیے ایکسائز محکمہ اور پولیس کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر شراب نوشی کرتے ہوئے لوگوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف بھی بلا لحاظ کارروائی کی جائے گی۔ گھروں یا دیگر مقامات پر ساؤنڈ باکسز اور مائیک سسٹمز کے استعمال کے لیے پولیس اجازت نامہ ضروری ہوگا، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں آئے گی۔
ایس پی اَکھل مہاجن آئی پی ایس نے نوجوانوں کو خاص طور پر ہدایت دی کہ وہ جوش کے بجائے ہوش سے کام لیں، قوانین کی پابندی کرتے ہوئے خوشیاں منائیں اور دوسروں کے لئے کسی قسم کی زحمت یا خلل کا سبب نہ بنیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع پولیس پوری طرح مستعد ہے اور ہر منڈل میں یکساں قوانین نافذ رہیں گے تاکہ نئے سال کی تقریبات پُرامن طریقے سے منعقد ہو سکیں۔



