نیشنل

ملزم کے گھر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا دھاوا۔نوٹوں کے بنڈل ، سوٹ کیس سے ہیرے اور سونے کے زیورات برآمد۔ رقم گننے مشین کا استعمال

نئی دہلی: منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں دہلی کے ایک مکان کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے لی گئی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں نقد رقم اور زیورات برآمد ہوئے۔

 

ایک سوٹ کیس میں ہی 8.80 کروڑ روپے مالیت کے سونے اور ہیروں کے زیورات پائے گئے۔ اس کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہیں یہ بات ای ڈی حکام نے بتائی۔ہریانہ سے تعلق رکھنے والا اندر جیت سنگھ یادو متعدد مقدمات میں ملزم ہے۔

 

وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اپنے نیٹ ورک کی سرگرمیاں چلا رہا تھا اور اس وقت مفرور ہے۔ اسی سلسلے میں 30 دسمبر کو دہلی کے سرو پریا وہار میں واقع اندر جیت کے ایک قریبی ساتھی کی رہائش گاہ پر ای ڈی نے تلاشی شروع کی، جہاں بھاری مقدار میں نقد رقم اور سونے کے زیورات برآمد ہوئے۔

 

چہارشنبہ کی صبح بینک حکام کو طلب کر کے مشینوں کے ذریعے نقد رقم کی گنتی شروع کی گئی۔ اب تک 5.12 کروڑ روپے نقد رقم شمار کی جا چکی ہے جبکہ ایک سوٹ کیس میں موجود سونے اور ہیروں کے زیورات کی مالیت تقریباً 8.80 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ایک اور بیگ سے چیک بکس اور تقریباً 35 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادوں کے کاغذات ضبط کیے گئے۔

 

ڈکیتی، پرائیویٹ فنانسرز کے لیے سیٹلمنٹ، اور دھمکی آمیز کارروائیوں کے سلسلے میں اندر جیت یادو کے خلاف ہریانہ اور اتر پردیش میں 14 ایف آئی آر درج ہیں۔ ان معاملات پر منی لانڈرنگ کا کیس درج کرتے ہوئے ای ڈی نے حال ہی میں مختلف ریاستوں میں دس مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔

 

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھمکی اور غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل کی گئی رقم سے اندر جیت نے مہنگی عمارتیں اور لگژری کاریں خریدی تھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button