نظام آباد میں ذہنی تناؤ کا شکار نوجوان کی خودکشی مجلس قائدین کا دواخانہ دورہ

نظام آباد یکم جنوری (پریس نوٹ) تلنگانہ کے نظام آباد شہر کے ففتھ ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہاشمی کالونی مسجد چشتیہ علاقے میں ایک نوجوان نے ذہنی تناؤ کے باعث مکان میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلینے کا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ شبیر ولد عبدالجبار مرحوم( 32) سالہ نوجوان عارضی ڈرائیور شادی نہ ہونے پر ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نوجوان کے دو بڑے بھائی شادیوں کے بعد بودھن منتقل ہوگئے تھے اور والدہ چھوٹی بیٹی کے ساتھ شانتی نگر علاقہ میں مقیم تھیں۔
مکان میں تنہا رہنے والے شیخ شبیر کو آج صبح ناشتہ دینے والدہ کے پہنچنے اور مسلسل دستک کے باوجود دروازہ نہ کھولنے پر پڑوسیوں کی مدد سے دروازہ توڑنے پر اندر کمرے میں پھانسی لگالینے کا منظر پایا گیا۔
واقعہ کی اطلاع پر ففتھ ٹاؤن اے ایس آئی سرینواس گوڑ نے مقام واقعہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری جنرل ہاسپٹل نظام آباد منتقل کیا۔ واقعہ کی اطلاع پر صدر ٹاؤن مجلس محمد شکیل احمد فاضل، معتمد ٹاؤن مجلس محمد شہباز احمد، سابق کارپوریٹرس ایم اے ماجد صدیقی، عبدالعلی باغبان، عبدالغفور مقیم کے علاوہ ارشد پاشاہ، شیخ خلیل احمد، محمد سراج، عزیز راہی، عرفہ باریش نے سرکاری دواخانہ نظام آباد پہنچ کر پوسٹ مارٹم کی انجام دہی میں تعاون کیا اور ورثا کو پرسہ دیا۔



