جنرل نیوز

یتیم طلبہ میں حوصلہ، اعتماد اور نئی اُمید جگانے کے لئےایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کاہمت ڈے ، طلبہ کی اپنی والداؤں کے ساتھ شرکت

حیدرآباد،2 جنوری 2026:نئے سال کے پہلے دن ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام ہمت ڈے 2026 نہایت پُراثر، منظم اور جذباتی ماحول میں محبوب گارڈنز، حیدرآبادمیں منعقد کیا گیا۔ اس سالانہ تقریب کا بنیادی مقصد ایم ایس میں زیرِ تعلیم یتیم طلبہ کی حوصلہ افزائی، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دینا تھا۔

 

ہمت ڈے 2026 خاص طور پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے 2547 یتیم طلبہ کے لیے منعقد کیا گیا، جنہیں ادارہ محبت اور احترام کے ساتھ ”ایم ایس ہیونلی ہارٹس“ کے نام سے پکارتا ہے۔ اس تقریب کی سب سے نمایاں بات یہ رہی کہ تمام یتیم طلبہ کو ان کی ماؤں کے ساتھ مدعو کیا گیا۔ اس کا مقصد یہ واضح پیغام دینا تھا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی ان بچوں کو تنہا نہیں سمجھتی بلکہ ماں اور بچے دونوں کو ایک مضبوط خاندان کی صورت میں ساتھ لے کر چلتی ہے۔ اس اجتماع نے ایک بڑے اور باوقار خاندان کی تصویر پیش کی، جہاں دکھ، حوصلہ، اُمید اور اعتماد سب ایک دوسرے سے جڑے نظر آئے۔

 

تقریب کا مرکزی پیغام یہ تھا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے سب سے اہم چیز ہمت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس دن کا سلوگن رکھا گیا: ” ایم ایس ہیونلی ہارٹس ، بارن ٹو رآئس “

MS Heavenly Hearts – Born to Rise

یہ نعرہ اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ ایم ایس کے یہ یتیم بچے کسی ترس کے محتاج نہیں بلکہ وہ حوصلے، صلاحیت اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے پیدا ہوئے ہیں۔

 

اس موقع پر معروف بین الاقوامی موٹیویشنل اسپیکر منور زماں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نہایت سادہ، عام فہم اور دل سے نکلنے والی گفتگو کے ذریعے طلبہ، ماؤں اور اساتذہ کو مخاطب کیا۔اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین محمد لطیف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمت ڈے ان کے لیے ہر سال ایک عید کی طرح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دن کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں کیونکہ اس دن وہ اپنے بچوں، خاص طور پر یتیم بچوں کے چہروں پر خوشی، اعتماد اور اُمید دیکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم ایس کا مقصد صرف تعلیمی کامیابی نہیں بلکہ بچوں کی مکمل تربیت ہے، تاکہ وہ نہ صرف کامیاب پیشہ ور بنیں بلکہ اچھے انسان بھی ثابت ہوں۔

 

انہوں نے یتیم طلبہ کو یقین دلایا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی ان کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑی ہے اور وہ کبھی یہ محسوس نہ کریں کہ وہ کسی کمی یا محرومی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایس کے ہیونلی ہارٹس میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اگر انہیں صحیح رہنمائی اور حوصلہ ملتا رہے تو وہ معاشرے کے لیے مثال بن سکتے ہیں۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد الیاس خان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد اویس خان نے پورے پروگرام کی نظامت نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ ڈائریکٹر دینیات مولانا عبدالصمد صاحب نے صبر، حوصلے اور اللہ پر بھروسے کے موضوع پر مختصر مگر اثرانگیز خطاب کیا، جسے حاضرین نے توجہ سے سنا۔ اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری حافظ محمد نصیرالدین منشاوی نے بھی اپنی مخصوص آواز اور انداز میں تلاوتِ کلامِ پاک پیش کیا۔

 

تقریب میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے وائس چیئرپرسن نزہت خان، منیجنگ ڈائریکٹرز انور احمد اور ڈاکٹر معظم حسین ، دیگر ڈائریکٹرز، پرنسپلز، اساتذہ اور بڑی تعداد میں معزز مہمان موجود تھے، جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ایم ایس ہمت ڈے 2026 اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ یتیم بچے کسی ہمدردی کے نہیں بلکہ ہمت، اعتماد اور روشن مستقبل کے حقدار ہیں۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ انسان سازی کے مشن پر یقین رکھتی ہے، اور اس کے ہیونلی ہارٹس واقعی ” بارن ٹو رآئس “ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button