جنرل نیوز

والدین کے حقوق: دینی، اخلاقی اور سماجی فریضہ،مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا فکری نشست سے خطاب 

والدین کے حقوق: دینی، اخلاقی اور سماجی فریضہ،چیئرمین لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا فکری نشست سے خطاب

 

حیدرآباد4جنوری (پریس ریلیز )اسلام دینِ رحمت ہے جس میں جہاں عبادات کا جامع تصور موجود ہے وہیں معاملات اور انسانی حقوق کو بھی غیر معمولی اہمیت دی گئی ہے۔ انسانی حقوق میں والدین کا مقام سب سے زیادہ قابلِ احترام اور مقدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، چیئرمین Languages Development Organization نے آج صدر دفتر، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 پر منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔lانہوں نے کہا کہ اگرچہ مغربی اور اسلامی دونوں معاشروں میں والدین کے حقوق ادا کرنے پر زور دیا جاتا ہے، مگر موجودہ حالات اس کے برعکس ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دن بہ دن والدین کے ساتھ بدسلوکی اور نافرمانی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو نہ صرف دینی احکامات کی خلاف ورزی ہے بلکہ اخلاقی زوال کی بھی واضح علامت ہے۔مولانا نے قرآنِ مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو توحید کے فوراً بعد ذکر فرمایا ہے۔ سورۂ بنی اسرائیل کی آیت 23 میں والدین کے ساتھ ادب، نرمی اور احترام کے ساتھ گفتگو کا حکم دیا گیا ہے، حتیٰ کہ انہیں ’’اُف‘‘ تک کہنے سے منع کیا گیا ہے۔ اسی طرح سورۂ لقمان کی آیات 14-15 میں والدین کی مشقتوں، بالخصوص ماں کی قربانیوں کو یاد دلا کر ان کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

 

انہوں نے احادیثِ مبارکہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے والدین، خصوصاً ماں کے مقام کو نہایت بلند قرار دیا ہے۔ ’’جنت ماں کے قدموں تلے ہے‘‘ جیسی احادیث اس حقیقت کی واضح دلیل ہیں کہ والدین کی خدمت انسان کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

 

چیئرمین موصوف نے صحابہ و تابعین کے واقعات بیان کرتے ہوئے حضرت اویس قرنیؒ، حضرت سعید بن المسیبؒ اور حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے واقعات کا حوالہ دیا، جن سے والدین کی خدمت، ادب اور عاجزی کا اعلیٰ نمونہ سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان چاہے ساری زندگی بھی والدین کی خدمت میں گزار دے، پھر بھی ان کا حق پوری طرح ادا نہیں کرسکتا۔

 

انہوں نے والدین کی نافرمانی کے انجام پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احادیث کے مطابق ماں باپ کی نافرمانی ایسا گناہ ہے جس کی سزا بعض اوقات انسان کو اسی دنیا میں مل جاتی ہے، جبکہ آخرت کا عذاب اپنی جگہ باقی رہتا ہے۔

 

آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مسلمانوں، بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ والدین کے حقوق کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں، ان کی خدمت کو سعادت سمجھیں اور اپنے طرزِ عمل سے اسلامی تعلیمات کا عملی نمونہ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی رضا میں اللہ کی رضا اور معاشرے کی فلاح مضمر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button