انٹر نیشنل

“فلائنگ اوور سعودی” سیاحتی مقامات کے فضائی سفر کا سنیمائی تجربہ 

ریاض ۔ کے این واصف 

 سعودی وژن 2030 کے حصہ کے طور پر مملکت میں شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ مملکت کے مختلف شہرون میں یہ عمل جاری ہے۔ اس سلسلہ میں ریاض سیزن کے ایک حصے کے طور پر بلیوارڈ میں “فلائنگ اوور سعودی” جاری ہے جو یہاں آنے والوں کو مملکت میں اس قسم کے پہلے تجربے سے متعارف کرا رہا ہے۔

 

یہ اقدام ریاض سیزن کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ یہاں آنے والوں کو اعلٰی کوالٹی کی ایسی تفریح فراہم کرے گا جس کی بنیاد جدت اور اختراع پر ہوگی اور جس کو پیش کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔مملکت کے اندر یا بیرونِ ملک سے آنے والوں کو سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کے حسن سے بھی متعارف کراتا ہے۔

 

ریاض سیزن کو عالمی سطح پر ایک بہترین اور دل موہ لینے والے تجربے کے رہنما پلیٹ فارم کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق یہ دل میں اتر جانے والی ٹیکنالوجی اور کئی حسی احساسات کے ذریعے فضائی سفر کا ایک سنیمائی تجربہ مہیا کرتا ہے جو سعودی عرب کے انتہائی اہم قدرتی اور شہری لینڈ سکیپ کو ایک نئے زاویے سے دکھاتا ہے۔

 

اس تجربے میں مہمانوں کو سعودی عرب کے متنوع علاقوں کا ایک وژوئل سفر کرایا جاتا ہے جس میں صحراؤں کی وسعت بھی دکھائی دیتی ہے، اونچے اونچے پہاڑ بھی نظر آتے ہیں، چشم میں سبز و شاداب وادیوں بھی گھر کر لیتی ہیں، آنکھوں کو جدید شہروں کی جھلک بھی ملتی ہے اور میلوں دور تک پھیلی ہوئی ساحلی پٹی پر بھی نگاہ ٹِک جاتی ہے۔اس کے علاوہ اس ہوائی سفر میں مکہ اور مدینہ میں واقع حرمینِ شریفین کا خاص نظارہ بھی ہوجاتا ہے۔

 

یہ فلم بہترین ریزولیوشن میں تیار کی گئی ہے جس کی فوٹیج اعلٰی ترین کوالٹی کی ہے جو مملکت کی جغرافیائی اور ثقافتی زرخیزی کو منٹوں میں اپنے اندر سمو لیتی ہے۔ہر سفر کا دورانیہ آٹھ منٹ کا ہے جو حسی ایفیکٹس کی وجہ سے مزید بہتر ہو جاتا ہے جن میں ہوا، پانی کی پھوار اور قدرتی خوشبوؤں کا اثر ہوتا ہے ۔ بیٹھنے والی کی نشست کی حرکت بھی، حقیقت کے احساس کو اور مضبوط بناتی ہے اور لگتا ہے جیسے آپ سچ مچ فضا میں سفر کر رہے ہیں۔

 

وژوئل اور آڈیو ٹیکنالوجی اس تجربے میں بغیر کسی رکاوٹ اور خامیوں کے بغیر یوں مل جل کر کام کرتی ہیں کہ دیکھنے والے منظر کی خوبصورتی میں کھو کر رہ جاتے ہیں۔“فلائنگ اوور سعودی”ریاض سیزن دیکھنے کے لیے آنے والوں کو مملکت کے بارے میں ایک نیا زاویۂ نظر پیش کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button