ایجوکیشن

چنچولی (بی) پرائمری اسکول کے طلبہ میں واسوی ٹرسٹ کی جانب سے مفت جوتے اور موزے تقسیم

چنچولی (بی) پرائمری اسکول کے طلبہ میں واسوی ٹرسٹ کی جانب سے مفت جوتے اور موزے تقسیم

 

نرمل، 9 جنوری (پریس نوٹ):

واسوی ایجو اینڈ انوویٹو ٹرسٹ، نرمل کے زیرِ اہتمام سارنگاپور منڈل کے چنچولی (بی) پرائمری اسکول کے غریب و مستحق طلبہ و طالبات میں مفت جوتے اور موزے تقسیم کرنے کا فلاحی پروگرام جمعہ کے دم اسکول کے احاطے میں منعقد کیا گیا۔

 

اس موقع پر ٹرسٹ کے نمائندوں جگدیش ریڈی اور پوتا ریڈی نے طلبہ و طالبات میں جوتے اور موزے تقسیم کئے۔ پروگرام کی صدارت اسکول کے ہیڈ ماسٹر شیخ شبیر علی نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ رجنی، وجئے اور رویندر کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے۔

 

واسوی ٹرسٹ کے رکن پوتا ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسوی ایجو اینڈ انوویٹو ٹرسٹ طویل عرصے سے تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح و بہبود کے مختلف پروگرام منعقد کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم غریب طلبہ کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کی فلاحی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرسٹ کا مقصد صرف تعلیمی امداد تک محدود نہیں بلکہ پسماندہ طبقات کی ہر ممکن مدد کرنا بھی ہے اور آئندہ دنوں میں مزید اسکولوں میں اسی نوعیت کے پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔

 

اس موقع پر ہیڈ ماسٹر شیخ شبیر علی نے واسوی ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں سرکاری اسکولوں کے غریب طلبہ کے لیے اس طرح کی امداد نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوتے اور موزے فراہم کئے جانے سے طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہوگی اور ان کی حاضری و تعلیمی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے واسوی ٹرسٹ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فلاحی اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

 

تقریب کے اختتام پر اساتذہ اور طلبہ نے واسوی ٹرسٹ کے اس نیک اقدام پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے سماجی و تعلیمی فلاحی پروگرام جاری رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button