تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات ، ایم ایس کے بانی و چیرمین محمد لطیف خان، مانو کے 29ویں یومِ تاسیس پر اعزاز سے سرفراز

حیدرآباد:مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے 29ویں یومِ تاسیس کے موقع پر معروف ماہرِ تعلیم، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین جناب محمد لطیف خان کو شعبۂ تعلیم میں ان کی گراں قدر اور ہمہ جہت خدمات کے اعتراف میں باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔یہ اعزاز مانو کے وائس چانسلر، پدم بھوشن پروفیسر سید عین الحسن نے شال پیش کرتے ہوئے اور یادگاری مومنٹو اور تعوصیف نا مہ حوالہ کیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر انیل سہسرابودھے، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نیشنل اسیسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل (NAAC) بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پیش کیے گئے ستائشی کلمات میں کہا گیا کہ جناب محمد لطیف خان، جو شہر حیدرآباد کے ایک ممتاز ماہرِ تعلیم ہیں اور “میموری خان” کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے مائنڈ میپنگ اور تیز رفتار مطالعہ کے لیے جدید اور مؤثر تکنیکوں کو متعارف کروایا، جو طلبہ کے لیے ایک نمایاں سہولت ثابت ہو رہی ہیں۔ستائشی کلمات میں مزید کہا گیا کہ محمد لطیف خان کا نام آج تعلیم کے میدان میں ایک تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ اپنی منفرد اور انقلابی تعلیمی خدمات کے ذریعے وہ ہزاروں تشنگانِ علم کی زندگیوں میں علم و آگہی کی روشنی بکھیرنے کا کام انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جناب محمد لطیف خان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومتِ تلنگانہ نے 11 نومبر 2025 کو مولانا آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں ” مولانا آزاد نیشنل ایوارڈ “سے نوازا تھا، جو ان کے تعلیمی سفر کا ایک اہم اور باوقار سنگِ میل ہے۔تعلیم کے فروغ، طلبہ کی فکری و اخلاقی تربیت اور جدید تعلیمی رجحانات کے میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے 36 سالہ تعلیمی سفر کی عکاسی کرتا ہے، جس کے دوران یہاں سے فارغ ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات آج ملک اور بیرونِ ملک اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد محمد لطیف خان نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے 29ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ملنے والا یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پذیرائی کے بعد ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ مانو کے وسیع و عریض کیمپس کو دیکھ کر انہیں اس ادارے سے طلبہ کو جوڑنے کی ضرورت کا احساس ہوا ہے، تاکہ حیدرآباد کے زیادہ سے زیادہ طلبہ اس عظیم تعلیمی ادارے سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ذریعے وہ مانو کی ترقی اور تعلیمی فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔



