انسٹی ٹیوٹ آف عربک اسٹڈیز حیدرآباد کے زیرِ اہتمام حج و عمرہ کی تربیتی کلاسوں کا باقاعدہ آغاز
حیدرآباد10/جنوری (اردو لیکس)
حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے درست تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف عربک اسٹڈیز حیدرآباد کے زیرِ اہتمام حج و عمرہ کی ہفتہ واری تربیتی کلاسوں کا باقاعدہ آغاز عمل میں آیا۔ اس موقع پر افتتاحی جلسہ مسجد محمدی، کاکتیہ نگر کالونی، ٹولی چوکی میں منعقد ہوا، جس میں مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ایم اے نے خطاب کیا۔
مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج اسلام کے بنیادی فرائض میں سے ایک اہم فریضہ ہے، جو زندگی میں صرف ایک مرتبہ فرض ہوتا ہے، اسی لیے اس کی درست تعلیم و تربیت ہر حاجی اور معتمر کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاعلمی، کاہلی اور محض روایت کے تحت حج و عمرہ ادا کرنا عبادت کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر فرائض، واجبات اور سنتوں کی صحیح پہچان نہ ہو تو نہ صرف عبادت کا مقصد فوت ہو جاتا ہے بلکہ محنت اور دولت بھی رائیگاں چلی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اللہ کے مہمانوں کی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ گزشتہ 22 برسوں سے اخلاص اور استقامت کے ساتھ جاری ہے، جس کے مثبت اور نمایاں اثرات سامنے آئے ہیں۔ اس تحریک کے ذریعے حج و عمرہ کی تعلیم کا ایک عمومی شعور پیدا ہوا ہے، جبکہ اس سے قبل کوئی منظم اور باضابطہ انتظام موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی کارواں وقت اور حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، جہاں جدید ذرائع جیسے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن، آڈیو و ویڈیو مواد استعمال کیا جاتا ہے۔
مفتی صاحب نے مزید بتایا کہ حجاج اور معتمرین کی سہولت کے لیے اردو، تلگو اور انگریزی زبانوں میں گائیڈس شائع کی گئی ہیں، جبکہ چار زبانوں میں پاکٹ سائز بروشرس بھی تیار کیے گئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ان تربیتی کلاسوں کے لیے کسی بھی عازمِ حج، معتمر یا زائرِ مدینہ منورہ سے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔
اس موقع پر نائب صدر جناب محمد نواب انجینئر نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی دینی و عملی تربیت کا یہ منظم اور مضبوط سلسلہ ایک عظیم نعمت ہے، جو وقت کی ایک بڑی ضرورت کو پورا کر رہا ہے۔ صدر سوسائٹی جناب سید شرف الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ ایک منفرد اور منظم دینی خدمت ہے، جس کا مقصد لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جوڑنا ہے، اور سیکھنا و سکھانا ہی اس کا اصل ہدف ہے۔
آخر میں مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی دعا پر افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ واضح رہے کہ حج و عمرہ کی یہ تربیتی کلاسیں ہر ہفتہ مسجد محمدی، کاکتیہ نگر کالونی میں نمازِ مغرب سے نمازِ عشاء تک منعقد ہوں گی۔ مزید رہنمائی کے لیے سیل نمبر 9440508941 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔



