جنرل نیوز

جمیعت العلماء ضلع جنگاؤں کے زیرِ اہتمام اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر عظیم الشان جلسہ عام

جمیعت العلماء ضلع جنگاؤں کے زیرِ اہتمام اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر عظیم الشان جلسہ عام

جمیعت العلماء ضلع جنگاؤں کے زیرِ اہتمام اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر ایک عظیم الشان، فقید المثال اور نہایت ہی پراثر جلسۂ عام کامکشی فنکشن ہال، جنگاؤں میں منعقد ہوا۔ اس جلسہ میں علماء کرام، ائمۂ مساجد، دانشورانِ ملت، نوجوانانِ اسلام اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت العلماء ریاستی جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل نشہ کی لعنت اور غلط طرزِ زندگی میں مبتلا ہوتی جا رہی ہے۔ نوجوان رات دیر گئے تک موبائل فون کے بے جا استعمال میں مصروف رہتے ہیں اور شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات اختیار کر کے پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی گزاریں، نمازوں کی پابندی کریں، فحاشی اور بے راہ روی سے بچیں اور اسلامی طرزِ حیات کو اپنائیں۔

 

جلسہ میں معروف نعت خواں محمدخواجہ مجتہد الدین نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی اور جمیعت العلماء کا ترانہ بھی سنایا، جس سے مجمع پر ایک روحانی کیفیت طاری ہو گئی۔

 

مفتی تجمل حسین قاسمی ، ناظم شعبہ اصلاح معاشرہ تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرہ میں تبدیلی نہایت ضروری ہے۔ آج امت اس لیے پریشان ہے کہ ہمارے گھروں میں ذکرِ الٰہی اور قرآن کی تلاوت کم ہوتی جا رہی ہے۔ حرام کاموں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور میں ہر گھر سے قران کریم کی تلاوت کی اوازیں بلند ہوتی تھیں لیکن اس وقت نوجوان بڑے بوڑھے سب موبائل کی لعنت کا شکار ہیں جس کی وجہ سے گھروں سے قران کی تلاوت کی اوازیں انتہائی معدوم ہو چکی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم گھروں میں برکت اور رحمت اسی وقت نازل ہوتی ہے جب گھر میں روزانہ اللہ کے کلام کو پڑھا جائے روزانہ ذکر الہی کیا جائے سلام کو عام کیا جائے اور اپنی دعاؤں کی مقدار کو بڑھایا جائے انہوں نے عوام الناس سے یہ تیقن لیا کہ انشاءاللہ اصلاح معاشرہ کے لیے جاؤ جہد کریں گے اور سماجی برائیوں کے خلاف کوششیں جاری رکھیں گے۔۔

 

مفتی زکریا صاحب قاسمی (ورنگل) نے فرمایا کہ ہم دین کی بنیادی باتوں کو بھولتے جا رہے ہیں، حالانکہ مساجد کو آباد رکھنا دینِ اسلام کی روح ہے۔ اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہی ہم ملت کو مضبوط بنا سکتے ہیں، اس لیے آپس میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

ضلع کلکٹر جنگاؤں رضوان باشاہ شیخ (آئی اے ایس) نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ جیسے موضوع پر اتنے بڑے پیمانے پر جلسہ منعقد کرنا قابلِ مبارکباد ہے۔ علماء کرام نے جو قیمتی نصیحتیں کی ہیں، ان پر عمل کرنا ہم سب کے لیے ضروری ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر آف پولیس جنگاؤں نہندر نائیک نے کہا کہ مسلمان نوجوان نشہ اور دیگر برے کاموں سے دور رہیں، کیونکہ نشہ صحت کو تباہ کرتا ہے اور حادثات کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے بزرگوں اور ائمۂ مساجد سے اپیل کی کہ مساجد کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کریں۔

 

اس موقع پر مولانا عبدالعظیم قاسمی، مولانا فصیح الاسلام، حافظ مجاہد اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔

جمیعت العلماء ضلع جنگاؤں کے سرپرست مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ موجودہ حالات میں امت کو ایسے اصلاحی جلسوں کی سخت ضرورت ہے۔

 

جلسہ کی صدارت مولانا عبد الرحمن سبیلی نے فرمائی جبکہ ہدیۂ تشکر مولانا شاکر حسین قاسمی نے پیش کیا۔ حافظ شعیب ہاشمی اور حافظارشد نے بھی نعت سنائی۔

جلسہ میں جمعیت العلماء جنگاؤں کے ذمہ داروں ، تنظیم ائمہ والموذنین کے نہ داروں کے علاوہ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، عبدالمتین اطہر، لطیف شریف، اظہر الدین، قادر شریف محمد مجیب الرحمٰن مظہر شریف ظہیر الدین مولانا عبدالرشید حافظ عبد المنان اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔جلسہ عام میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک رہی اور جلسہ گاہ تنگدامنی کی شکایت کررہا تھا ۔

 

آخر میں مفتی تجمل حسین قاسمی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں ظہر کی نماز ادا کی گئی اور تمام شرکاء کے لیے طعام کا اہتمام کیا گیا۔ ناظم اصلاح معاشرہ جنگاؤں قاری محمد خواجہ مجتہد الدین نے جلسہ کی کاروائی چلائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button