سعودی عرب – عازمین حج کی خدمت: مکہ میں غیرمنافع بخش اداروں کے فورم کا افتتاح

ریاض ۔ کے این واصف
زائرین و عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمات کی پیشکش میں حج انتظامیہ کوشاں رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر نئے سیزن میں زائرین و عازمین نئی سہولتون سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس میں وزارت حج کے علاوہ خدمات پیش کرنے والون میں رضاکار ادارے بھی اہم رول ادا کرتے ہیں۔
گزشتہ روز سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مکہ ایوان صنعت و تجارت میں عازمین حج کی خدمت کے حوالے سے غیرمنافع بخش اداروں کے فورم کے پہلے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سرکاری ادارے، غیرمنافع بخص تنظیموں کے سربراہان ، نجی شعبے کے ذمہ داران اور دیگر اعلی عہدیدار بھی شریک تھے۔
وزیر حج نے اس موقع پر کہا کہ ضیوف الرحمان کی خدمت کے شعبے میں غیرمنافع بخش اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ان اداروں کی تعداد میں 50 گنا اضافہ ہوا ہے۔ حج وعمرہ شعبے میں زائرین کی خدمات کے حوالے سے ان اداروں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اداروں کو 2026 سے 2030 تک حج خدمات کے شعبے میں بہترین منصوبہ بندی کے تحت “تیاری سے پائیداری تک” کے عنوان سے اہم ٹاسک دیے جائیں گے تاکہ عازمین و عمرہ زائرین کو بہتر و معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
فورم میں مختلف مذاکراتی اجلاس ہوئے جن میں ضیوف الرحمان کی خدمت کے حوالے سے غیرمنافع بخش اداروں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، مذاکراتی اجلاس کی سربراہی خدمت ضیوف الرحمان پروگرام کے سی ای او راکان المداح نے کی۔
واضح رہے فورم کا مقصد غیرمنافع بحش شعبے کی ادارہ جاتی صلاحیتوں کو فروغ دینا، ان کی تنظیمی اور آپریشنل تیاریوں کو بڑھانا ہے تاکہ خدمات کے معیار کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے۔



