مکتھل میں 2.50 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز، وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے بھومی پوجا انجام دی

مکتھل شہر کے بلدیاتی حدود میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز ریاستی وزیرِ کھیل و پشو پالنا ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے کیا۔ صبح کے اوقات میں وزیر موصوف نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زیرِ تعمیر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے سی سی سڑکوں اور نکاسیٔ آب (ڈرینج) کے مسائل سے دوچار کالونیوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ جلد ہی ان علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔شہر کے وارڈ نمبر 1، 11 اور 14 میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی ڈرینج اور پینے کے پانی کی پائپ لائن کے کاموں کے لیے وزیر نے باقاعدہ بھومی پوجا انجام دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر واکٹی سری ہری نے کہا کہ وہ 26 سال کی عمر میں مکتھل کے سرپنچ منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی، ایم ایل اے اور آج وزیر بننا مکتھل کے عوام کی مہربانی اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی کے رکن کے طور پر منتخب ہونا اور کھمم ضلع کے انچارج وزیر کی ذمہ داری ملنا بھی حلقۂ انتخاب کے عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہوا۔
وزیر نے کہا کہ گزشتہ 72 برسوں میں مکتھل حلقۂ انتخاب پر 15 ایم ایل ایز نے حکومت کی، مگر علاقہ ترقی سے محروم رہا۔ تاہم عوامی حکومت کے قیام کے بعد، محض چند ہی دنوں میں وزیر بننے کے بعد انہوں نے 1035 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تیزی سے ترقی کرنے والی اسمبلی نشستوں میں مکتھل ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
وزیر نے سیاست سے بالاتر ہو کر سبھی کو مل جل کر مکتھل علاقہ کی مجموعی ترقی کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر گنیش کمار،منڈل پرسڈنٹ، روی کمار ٹاؤن صدر، محمد نور الدین مائنرٹی نائب صدر ضلع نارن پیٹ ،محمد حسام الدین ، مائنارٹی ٹاؤن صدر مکتھل، عبدالرحمن،محمد افروز،محمد رمضان،سید داؤد صاحب اور بلدیاتی افسران اور اہم مقامی قائدین بھی موجود تھے۔



