9 سالہ ننھے حافظِ قرآن محمد سعدان کی شاندار تکمیلِ حفظ، وڈیمان میں روحانی خوشی کا سماں
تلنگانہ کے آتماکور کے قریب واقع موضع وڈیمان میں خوشی، مسرت اور روحانی کیفیت کا ایک یادگار منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب صرف 9 سالہ ننھے طالب علم محمد سعدان نے حفظِ قرآنِ مجید کی عظیم سعادت مکمل کرلی۔ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا حسین امتزاج پیش کرتے ہوئے محمد سعدان، جو اردو میڈیم اسکول میں پانچویں جماعت کے طالب علم ہیں، نے کم عمری میں قرآنِ مجید کو اپنے سینے میں محفوظ کرلیا۔
محمد سعدان، مولانا مفتی عبدالقادر قاسمی کے فرزند ہیں اور روزانہ مکتب تعلیمُ القرآن میں اپنے والد محترم کی نگرانی میں حفظ کا سفر طے کر رہے تھے، جو آج الحمدللہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
اس بابرکت موقع پر وڈیمان کی مسجد میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں اہلِ محلہ، مقامی عوام اور دینی احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ننھے حافظِ قرآن کی شال پوشی اور گل پوشی کی گئی، فضا مبارکبادوں اور دعاؤں سے گونج اٹھی اور ہر چہرے پر خوشی جھلک رہی تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی عبدالقادر قاسمی نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کو بھی لازم پکڑیں، کیونکہ قرآن سے جڑنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔
آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ محمد سعدان کو علمِ دین کے ساتھ عمل کی توفیق عطا فرمائے، انہیں دین و ملت کا سچا خادم بنائے اور والدین و اساتذہ کی محنتوں کو شرفِ قبولیت عطا کرے۔ اس موقع پر مسجد کے امام حافظ عبدالحفیظ، سابق مسجد صدر محبوب علی، جھانگیر سمیت دیگر معززین موجود تھے۔



