جنرل نیوز

تنظیم اصلاحِ معاشرہ نظام آباد کے زیرِ اہتمام مفت موبائل ٹیکنیشن کورس کی اسناد کی تقسیم کا جلسہ علمِ دین کے ساتھ عصری علوم کی واقفیت ناگزیر: ڈاکٹر محمد عبدالقوی کا خطاب 

تنظیم اصلاحِ معاشرہ نظام آباد کے زیرِ اہتمام مفت موبائل ٹیکنیشن کورس کی اسناد کی تقسیم کا جلسہ

علمِ دین کے ساتھ عصری علوم کی واقفیت ناگزیر: ڈاکٹر محمد عبدالقوی کا خطاب

نظام آباد، 14 جنوری (نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس)

تنظیم اصلاحِ معاشرہ و ازالۂ منکرات (ہمہ مسلکی) کے زیرِ اہتمام حفاظ و علماء کرام کو ہنر مند بنانے کے مقصد سے منعقد کیے گئے 40 روزہ مفت موبائل ٹیکنیشن کورس کی کامیاب تکمیل پر اسناد کی تقسیم کا ایک پروقار جلسہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد عبدالقوی، صدر شعبہ اردو، تلنگانہ یونیورسٹی نے کی۔

 

مہمانانِ خصوصی میں متین بن سالم (ایم بی ایس موبائل و فیکلٹی ٹیکنیشن)، محمد سراج الدین (سابق صدر مدرس، گولڈن جوبلی ہائی اسکول، نظام آباد)، ایم اے خالد (این آر آئی انجینئر) اور محمد یوسف الدین خان (ایڈیٹر، نیوز اینڈ ویوز میڈیا سروس، نظام آباد) شامل تھے۔

 

اس موقع پر محمد سراج الدین اور ایم اے خالد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے تنظیم اصلاحِ معاشرہ و ازالۂ منکرات کی خدمات کو سراہا اور تنظیم کے روحِ رواں جناب الحاج ایم اے نعیم کی سماجی و تعلیمی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے کہا کہ موجودہ دور میں علمِ دین کے ساتھ ساتھ عصری اور فنی علوم سے واقفیت نہایت ضروری ہوچکی ہے۔ علماء اور حفاظ کرام دین کے محافظ اور امت کے رہنما ہیں، تاہم بدلتے حالات میں ان کے لیے معاشی خود کفالت بھی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفت موبائل ٹیکنیشن کورس جیسے عملی تربیتی پروگرام نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ خود انحصاری کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ اس طرح علماء و حفاظ نہ صرف دین کی خدمت انجام دیتے ہیں بلکہ باعزت طریقے سے حلال روزی کمانے کے قابل بھی بنتے ہیں اور معاشرے کے فعال رکن کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالقوی نے مزید کہا کہ فنی تربیت کے یہ کورسز اس اعتبار سے بھی اہم ہیں کہ یہ جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کرتے ہیں، جس کے ذریعے دینی خدمات کو نئے انداز میں فروغ دیا جاسکتا ہے، جیسے آن لائن تعلیم، دینی ایپس اور سوشل میڈیا کے ذریعے اصلاحی پیغام رسانی۔

آخر میں انہوں نے کورس مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت نہ صرف ہنر مندی بلکہ خود اعتمادی اور باوقار روزگار کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے اور تمام شرکاء کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے۔

اس موقع پر محمد عمر ،ایم‌ اے ماجد ، محمد نسیم ، محمد ابراہیم ، شیخ انس، محمد انصار کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا

اجلاس کی کارروائی ایم اے زبیر انجینئر (کوآرڈینیٹر) نے چلائی اور آخر میں شکریہ ادا کیا

متعلقہ خبریں

Back to top button