مقدس راتوں کے نور سے دلوں کی بیداری — شبِ معراج کے موقع پرڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کتاب ’’مقدس راتیں‘‘ کی رسمِ اجراء
،مقدس راتوں کے نور سے دلوں کی بیداری — شبِ معراج کے موقع پرڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کتاب ’’مقدس راتیں‘‘ کی رسمِ اجراء
حیدرآباد 15جنوری (پریس ریلیز )رات، جب خاموشی عبادت میں ڈھل جائے اور فضا نورِ یقین سے منور ہو، تو وہ محض وقت کا ایک حصہ نہیں رہتی بلکہ دلوں کی اصلاح اور روحوں کی بیداری کا پیغام بن جاتی ہے۔ اسلام کی تاریخ میں کچھ راتیں ایسی ہیں جو آسمانی انعام، ربانی قرب اور بندگی کے خاص لمحات لے کر آتی ہیں۔ یہی وہ مقدس ساعتیں ہیں جن میں انسان زمین پر رہتے ہوئے آسمانوں سے رشتہ جوڑتا ہے، اور دل گناہوں کی گرد سے پاک ہو کر نورِ ہدایت سے جگمگانے لگتا ہے۔
اسی پس منظر میں خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ آج مقدس راتوں کے آغاز کی پہلی عظیم رات، شبِ معراج ہے۔ یہ وہ رات ہے جس میں رسولِ اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اپنی خاص قربت اور بے مثال نشانیاں عطا فرمائیں، اور امت کو نماز جیسی عظیم نعمت سے سرفراز کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی بابرکت مناسبت سے ان کی تصنیف مقدس راتیں — جس میں شبِ معراج، شبِ برات اور شبِ قدر کے فضائل و اعمال کو نہایت سادہ، مدلل اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے — کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ یہ کتاب دراصل ان مقدس راتوں کے پیغام کو عام کرنے، خصوصاً نئی نسل میں عبادت، اخلاق اور امن و سلامتی کی قدروں کو اجاگر کرنے کی ایک علمی و فکری کوشش ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ مقدس راتیں ہمیں صرف نوافل اور دعاؤں تک محدود نہیں کرتیں بلکہ ہمیں یہ بھی سکھاتی ہیں کہ ہم اپنے کردار سے معاشرے میں سکون، بھائی چارہ اور قانون پسندی کو فروغ دیں۔ انہوں نے بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ ان راتوں کی برکتوں کو سنجیدگی سے سمجھیں، مساجد میں خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت کریں اور عبادت کے بعد پُرامن انداز میں گھروں کو لوٹ کر اسوۂ اسلام کا عملی نمونہ پیش کریں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان مقدس راتوں کے صدقے ملک و ریاست اور خصوصاً حیدرآباد کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو ان بابرکت لمحات سے بھرپور استفادہ کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔



