تلنگانہ

پرانا پل تشدد واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت – امیرِ  جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین

پرانا پل تشدد واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت

حکومت اور پولیس امن و امان کو یقینی بنائے، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

امیرِ  جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین کا صحافتی بیان

 

حیدرآباد : امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے پرانا پل، حیدرآباد کے مقام پر چہارشنبہ کی دیر رات پیش آنے والے افسوسناک تشدد ، توڑ پھوڑ اور راہگیروں پر حملے کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے

 

۔ انہوں نے کہا کہ مندر کو نقصان پہنچائے جانے کی جھوٹی بے بنیاد افواہوں کی بنیاد پر تشدد ، قبور اور مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانا اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنا نہ صرف غیر انسانی عمل ہے بلکہ حیدرآباد کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر ایک سنگین حملہ ہے اور اس طرح کے عناصر کے خلاف فوری، غیر جانبدار اور سخت کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔

 

انہوں نے ریاستی حکومت اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ لا اینڈ آرڈر کی صورتِ حال کو مؤثر انداز میں قابو میں رکھیں، حساس علاقوں میں چوکسی بڑھائیں اور تشدد میں ملوث تمام شرپسندوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں اور متاثرین کے نقصانات کی پابجائی کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بعض مقامات پر پولیس کی موجودگی کے باوجود تشدد کا ہونا انتظامی ناکامی کی طرف اشارہ کرتا ہے،

 

جس کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جانا چاہیے۔امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ نے حیدرآباد کے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے ہوشیار رہیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور شہر کے امن کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تبھی ترقی کرسکتا ہے جب یہاں امن، بھائی چارہ اور قانون کی بالادستی قائم رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button