جالنہ میونسپل کارپوریشن: صحافی گوری لنکیش قتل کیس کا ملزم سریکانت پانگارکر آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب
مہاراشٹر میں بلدی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جالنہ میونسپل کارپوریشن کے ایک وارڈ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے والے سریکانت پانگارکر نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سریکانت پانگارکر ایک سنسنی خیز معاملے، معروف صحافی گوری لنکیش کے قتل کیس میں ملزم رہ چکے ہیں۔
جالنہ کے 13ویں وارڈ سے سریکانت پانگارکر نے انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کی۔ اس وارڈ میں بی جے پی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدوار موجود تھے، تاہم ایک ناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا نے یہاں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا۔ گزشتہ برس اسمبلی انتخابات سے قبل پانگارکر شیوسینا میں شامل ہوئے تھے، لیکن اس پر شدید اعتراضات سامنے آنے کے بعد ایک ناتھ شندے نے ان کی امیدواری روک دی تھی۔
اس سے قبل سریکانت پانگارکر 2001 سے 2006 کے دوران شیوسینا کی جانب سے جالنا میونسپل کونسل کے رکن رہ چکے ہیں۔ 2011 میں ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے ہندو جن جاگرُتی سمیتی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
واضح رہے کہ صحافی گوری لنکیش کو ستمبر 2017 میں بنگلورو میں ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس کیس میں گرفتار سریکانت پانگارکر کو 2024 میں کرناٹک ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی تھی۔ اس سے قبل 2018 میں بم اور اسلحہ برآمدگی کے ایک معاملے میں مہاراشٹر اینٹی ٹیررازم اسکواڈ نے انہیں گرفتار کیا تھا۔



