مہاراشٹر کے بلدیات میں مجلس کا ڈنکا، مالیگاوں سے ممبئی تک مجلس کی مضبوط موجودگی ؛ این سی پی اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کو پیچھے چھوڑ دیا
ممبئی _ مہاراشٹر میں حال ہی میں منعقدہ بلدی انتخابات میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں 119 نشستیں حاصل کر کے اپنی مضبوط سیاسی موجودگی کا واضح اعلان کر دیا ہے
۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ مجلس نے مجموعی نشستوں کے اعتبار سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کو پیچھے چھوڑ دیا، جس سے ریاستی سیاست میں ایک نئی صف بندی کے اشارے مل رہے ہیں۔
نتائج کے مطابق مالیگاؤں میں مجلس نے 21 نشستوں کے ساتھ اپنا غلبہ برقرار رکھا، جبکہ سمبھاجی نگر میں 32 اور ناندیڑ۔واگھالا میں 14 نشستیں جیت کر پارٹی نے اپنی طاقت منوائی۔ اس کے علاوہ دھولے میں 10، امراوتی میں 7، سولاپور میں 8، ناگپور میں 7، تھانے میں 5، بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں 6، اکولا میں 3، جلنہ میں 2، احمد نگر میں 2 اور چندرپور میں 1 نشست حاصل کر کے مجلس نے شہری مراکز میں اپنی جڑیں مزید مضبوط کی ہیں
۔ سیاسی مبصرین کے مطابق مرحلہ وار سامنے آنے والے حتمی نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مجلس اتحاد المسلمین اب مہاراشٹر کی شہری سیاست میں ایک مؤثر اور فیصلہ کن قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، جس کے اثرات آئندہ ریاست کی سیاست پر بھی دکھائی دے سکتے ہیں۔



