خادمینِ اُمت سیرت پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، علما اور صحافیوں کی نمایاں خدمات کا اعتراف
خادمینِ اُمت سیرت پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، علما اور صحافیوں کی نمایاں خدمات کا اعتراف
بھینسہ: خادمینِ اُمت کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیرتِ رسول ﷺ پروگرام کے اسٹیٹ لیول مرکزی جلسہ نے ناندیڑ کے حیدر باغ، حیدر گارڈن میں دینی، تعلیمی، سماجی اور صحافتی میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ اس بامقصد پروگرام میں بھینسہ شہر کے تمام اسکولوں کے طلبہ نے مختلف سیرت مقابلہ جات میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
سیرت کوئز مقابلہ میں الفلاح ہائی اسکول، بھینسہ کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع سطح پر اول اور دوم مقام حاصل کیا، جبکہ نوبل ہائی اسکول، بھینسہ کے طلبہ نے ضلع میں تیسرا مقام حاصل کیا۔ بعد ازاں منعقدہ انٹر اسٹیٹ فائنل مقابلہ میں بھی الفلاح ہائی اسکول کی ٹیم نے اپنی قابلیت ثابت کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کر کے بھینسہ کا نام روشن کیا۔
اسی طرح لیکچر سیریز، ایم سی کیو ،کوئز اور دیگر سیرت مقابلہ جات میں بھی بھینسہ کے طلبہ نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے متعدد انعامات اپنے نام کیے، جس پر اساتذہ، والدین اور منتظمین نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
پروگرام کے دوران بھینسہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز سماجی خادم صدر حافظ منیر الدین صاحب (صفا بیت المال، بھینسہ) کو قوم و ملت کے لیے بے لوث، مسلسل اور مثالی خدمات کے اعتراف میں حضرت انسؓ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
اسی طرح دینی و تعلیمی خدمات کے اعتراف میں حضرت مصعب بن عمیرؓ ایوارڈ کے لیے حافظ و قاری محمد رفیق احمد (صدر المدرسین، مدرسہ جامعہ عربیہ، بھینسہ) کو منتخب کیا گیا۔
تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات پر محمد مظہر احمد کو مثالی معلم اور ثانیہ فردوس کو مثالی معلمہ کے اعزاز سے نوازا گیا، جن کی خدمات کو حاضرین نے سراہا۔
صحافت کے شعبہ میں سچائی، دیانت داری اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے پر جناب محمد شکیل احمد (اسٹاف رپورٹر، ٹی ٹی وی اردو نیوز، ضلع نرمل) کو ان کی 17 سالہ صحافتی خدمات کے اعتراف میں آفتابِ صحافت ایوارڈ پیش کیا گیا۔
اس اسٹیٹ لیول پروگرام میں بھینسہ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اور بچوں کی کامیابیوں پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔ پروگرام کا اختتام دعا اور اس عزم کے ساتھ ہوا کہ سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔




