انٹر نیشنل

ڈاکار ریلی 2026: قطر کو بڑا اعزاز – ناصر العطیہ چیمپئن، چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

حیدرآباد – کے این واصف 

خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک قطر نے ڈکار کار ریلی میں امسال بھی اپنا اعزاز برقرار رکھا۔  سعودی عرب میں “ڈاکار ریلی 2026” کے 13ویں اور آخری مرحلے کے اختتام پر قطری ڈرائیور ناصر العطیہ نے چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔

 

بیلجیئم کے شریک ڈرائیور فیبیان لورکین کے ساتھ ڈرائیونگ کرتے ہوئے ناصر العطیہ 48 گھنٹے 56 منٹ اور 53 سیکنڈ کے مجموعی وقت کے ساتھ ڈاکار ریلی کی مجموعی اسٹینڈنگ میں سرفہرست رہے۔فورڈ کے اسپینش ڈرائیور نانی روما 9 منٹ 42 سیکنڈ سے پیچھے رہے جبکہ سویڈش میتھاس ایکستروم نے 14 منٹ 33 سیکنڈ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 

فرانس کے سیبا سٹین لوب 15 منٹ اور 10 سیکنڈ کے فرق سے چوتھے، اسپین کے کارلوس سینز 28 منٹ اور 30 سیکنڈ کے فرق سے پانچویں نمبر پر رہے۔قطر کے شہری ناصر العطیہ نے ٹائٹل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ فرنچ ڈرائیور اسٹیفن پیٹر ہینسل کے آٹھ ٹائٹلز کا ریکارڈ توڑنا چاہتے ہیں۔ناصر العطیہ نے چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل حاصل کیا ہے، اب وہ اسٹیفن پیٹر ہینسل کے قائم کردہ ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے جنہوں نے 2004 سے 2021 کے درمیان آٹھ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا ہے۔

 

یاد رہے ڈاکار ریلی 2026 کے جغرافیائی تنوع اور ایڈونیچر سے بھرپور سفر کا آغاز بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ینبع سے ہوا تھا۔ سعودی عرب نے ساتویں مرتبہ ریلی کی میزبانی کی۔ اس ریلی کا انعقاد وزارتِ اسپورٹس کی نگرانی میں سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کے اشتراک سے کیا گیا اور اس کی مارکیٹنگ سعودی موٹر اسپورٹس کمپنی کرتی ہے۔

 

ڈاکار ریلی، العلا، حائل، ریاض، وادی الدوسر، بیشہ، اور الحناکیہ سے گزرتی ہوئی سنیچر 17 جنوری کو ینبع میں اختتام پذیر ہوئی۔ ڈاکار ریلی میں سعودی شرکا کی قیادت گزشتہ ایڈیشن کے چیمپئن یزید الراجحی کر رہے تھے جو تیکنیکی وجوہ پر ریلی کے درمیان میں ہی دستبردار ہوگئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button