جماعت اسلامی ہند، حیدرآباد کی "احترام انسانیت” مہم 31 جنوری تک جاری رہے گی۔ ناظم شہر جماعتِ اسلامی ہند، حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد کا پریس کانفرنس سےخطاب

*انسانیت کے تحفظ کے لیے نشہ سے پاک سماج کی تشکیل ضروری*
جماعت اسلامی ہند، حیدرآباد کی "احترام انسانیت” مہم 31 جنوری تک جاری رہے گی۔
ناظم شہر جماعتِ اسلامی ہند، حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد کا پریس کانفرنس سےخطاب
حیدرآباد:
ناظم شہر جماعتِ اسلامی ہند، حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے نشہ آور اشیاء کے بڑھتے ہوئے استعمال اور سماج میں پھیلتی ہوئی تشدد پسندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشہ انسانی رشتوں کو منظم طریقے سے تباہ کر رہا ہے اور انسان اپنی سماجی ذمہ داریوں اور مقصدِ حیات سے غافل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہمیں بکھرتے ہوئے سماج میں دوبارہ انسانیت کی روشنی کو بحال کرنا ہوگا۔”ناظم شہر ڈاکٹر مبشر احمد ، جماعتِ اسلامی ہند شہر عظیم تر حیدرآباد کے زیرِ اہتمام 18 تا 31 جنوری منعقد ہونے والی 14 روزہ سماجی بیداری مہم ’احترامِ انسانیت‘ کے آغاز کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نشہ اب محض ایک انفرادی برائی نہیں رہا بلکہ ایک سنگین سماجی وبا بن چکا ہے جو کئی خاندانوں کو برباد کر رہا ہے۔ قرآنِ مجید کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے کہ “اپنے ہاتھوں خود کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔”انہوں نے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو چیز ابتدا میں محض تفریح یا شوق معلوم ہوتی ہے، وہی بعد میں آنسوؤں اور بربادی کا سبب بن جاتی ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی توانائی کو منفی اور تباہ کن مشاغل کے بجائے علمی ترقی، اخلاقی تربیت اور سماجی خدمت میں صرف کریں۔ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور تشدد کو نفرت اور نشہ—ان دو مہلک برائیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ خودداری اور عزتِ نفس اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمت ہے، جسے انسان نشے کی غلامی اختیار کرکے خود ہی کھو دیتا ہے۔ انہوں نے قرآن کے اس اصول کی یاد دہانی کرائی کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، اور کہا کہ ہر انسانی جان محترم اور مقدس ہے۔
اس موقع پر سٹی سکریٹری جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ نے مہم کے خدوخال اور لائحۂ عمل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مہم شہر بھر میں عوامی سطح پر بیداری پیدا کرنے، تشدد اور نفرت کے خاتمے اور ایک ہمدرد، پُرامن سماج کی تشکیل کے لیے چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے عوام سے اپیل
کی کہ نشے کے شکار افراد کو حقارت اور سماجی داغ کے بجائے ہمدردی اور مدد فراہم کی جائے، تاکہ جو لوگ توبہ اور اصلاح چاہتے ہیں انہیں سنبھلنے کا موقع مل سکے۔واضح رہے کہ ’احترامِ انسانیت‘ مہم ماہ جنوری کے اختتام تک شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گی، جس کا مقصد ایک نشہ سے پاک، تشدد سے مبرا اور انسان دوست حیدرآباد کی تعمیر ہے۔



