کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا خصوصی اجلاس – عالمی شہرت یافتہ عالم دین ، شہزادۂ حضور غوث اعظم علامہ سید جامی اشر ف اشرفی الجیلانی (کچھوچھ) کا خصوصی خطاب

نماز مومن کی معراج، حضور پاک ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ، عصر حاضر میں نماز کا ترک کرنا مسلمانوں کی تباہی کا اہم سبب
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا خصوصی اجلاس بمقام دارالعلوم محمدیہ ، میڑچل سے عالمی شہرت یافتہ عالم دین ، شہزادۂ حضور غوث اعظم علامہ سید جامی اشر ف اشرفی الجیلانی (کچھوچھ) کا خصوصی خطاب
حیدرآباد۔20/جنوری 2026ء (راست) نبی پاک ﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ’’ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ، نماز دین کا ستون ہے ، نماز مومن کی معراج ہے ، نماز جنت کی کنجی ہے ۔ الحمد للہ اُمت ِ محمدیہ تمام امتوں میں خوش قسمت ہے کہ رب تعالیٰ نے معراج النبی کے موقع پر اُمت محمدیہ ﷺ کو ایک خاص تحفہ عنایت فرمایا جو کہ ’’نماز ٗ ٗ ہے اور نماز کی فضیلت جہاں قرآن و احادیث سے ثابت ہے وہیں اس کے چھوڑنے پر سخت عذابات کی وعیدیں بھی آئی ہیں ۔ دین اسلام نے انسانیت کی فلاح و کامرانی کیلئے تمام قوانین کو واضح انداز میں نافذ فرمایا تاکہ انسانیت جہالت کے اندھیروں سے نکل کر دین اسلام کے روشن قانون میں پاکیزہ طور پر اپنی زندگی گزار سکے ۔ اسلام نے جہاں اُمت مسلمہ کی بھلائی کیلئے شریعت محمدیکا نفاذ عمل میں لایا وہیں رب تعالیٰ کی بارگاہ میں عاجزی و حاضری کے طریقے بھی بتلائے ۔ جس سے ایک بندہ اپنے رب کا قرب حاصل کرسکتا ہے جہاں کئی ایک عبادات و اذکار کا ذکر آیا ہے وہیں نماز کو اولین ترجیح دی گئی ۔ روزِ حشر اولین پوچھ نماز کی ہوگی ۔قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے بندوں سے خصوصی کلام کرتے ہوئے فرمایا کہ جب تمہیں کوئی پریشانی کوئی مسئلہ کوئی تکلیف آپہنچے تو نماز اور صبر سے مدد لیا کرو ۔ یہ بات قابل غور ہے کہ رب تعالیٰ خود اپنے بندہ کی ہر طرح سے بھلائی چاہتے ہیں اور اسے اپنا قرب عطا کرنا چاہتے ہیں ۔ اسی لئے رب تعالیٰ نے فرمایا کہ نماز اورصبر سے مدد لیا کرو ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا خصوصی اجلاس بضمن ’’ تحریک صلوٰۃ ــ ٗ ٗ بمقام : دارالعلوم محمدیہ ، بالا جی نگر ، میڑچل میں مہمانِ خصوصی عالمی شہرت یافتہ عالم دین ، مفکر اسلام ، رئیس العلماء ، شہزادہ حضور غوث اعظم ؓ حضرت العلامہ سید جامی اشرف اشرفی الجیلانی صاحب قبلہ(کچھوچھ شریف) نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں سارے عالم میں مسلمانوں کے حالات ہمارے سامنے ہیں ، دوسری قومیں جس طرح ہم پر ٹوٹ پڑی ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم دین سے دور ہوتے جارہے ہیں اور مسلم معاشرہ ہے کہ ان تمام حالات کو دیکھ کر بھی اسے نظر انداز کررہا ہے اور دین اسلام کی تعلیمات اور نماز سے دور ہوتا جارہا ہے جو نہایت افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کمیٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی قابل مبارکباد ہے جو 30سالوں سے ہندوستان میں ایک عظیم انقلابی تنظیم بن کر دین اسلام کی ترویج و اشاعت و عقیدہ اہل سنت پر مسلسل گامزن ہے ۔ کمیٹی ہندوستان بھر میں اپنے عظیم تحریکات جیسے تحریک صلوٰۃ ور تحریک حجاب کے ذریعہ نہ صرف ہندوستان کے مسلمانوں کے کیلئے بلکہ دیگر ممالک کے برادرانِ اسلام کیلئے بھی ایک عملی نمونہ ثابت ہورہی ہے ۔ نماز کے متعلق اُمت مسلمہ میں شعور بیداری اور مساجد کو آباد کرنے کی کمیٹی کی مہم قابل مبارکباد ہے ۔کمیٹی کے جملہ اراکین کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوںاور دعا گو ہوں کہ رب تعالیٰ اپنے حبیب پاکﷺ کے صدقے و طفیل میں کمیٹی کو کامیابی و کامرانی عطا فرماے اور کمیٹی کا جو مقاصد ہیں ہے کہ ہر گھر میں نماز ہو اور ہر گھر سے نمازی نکلیں اور مساجد بندگانِ خدا کے سجدوں سے آباد ہوںاور مسلمان دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران ہوں اس میں کامیابی عطا فرمائے۔ کمیٹی کے عظیم تحریکات یقینا قابل مبارکباد ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آلِ رسول ، رہبر شریعت ، پیر طریقت ، شہزادہ حضور طاہر ِ ملت حضرت مولانا سید محمد رضوان میاں صاحب قبلہ (خانقاہ واحدیہ طیبہ بلگرام شریف ، یو پی) نے نماز کی فضیلت بتاتے ہوئے کہا کہ حضور پاک ﷺ کے پیارے صحابہ کرام نے کبھی نماز کو ترک نہیں کیا چاہے وہ کیسے ہی معرکوں میں مصروف رہے ہوں یا جنگ کی حالت میں یا بستر علالت پر ہوں انہوں نے کبھی نماز کو ترک نہیں کیا ۔ آج مسلم معاشرہ جس آسانی سے نماز کو ترک کررہا ہے یہ افسوس ترین ہے ۔ خاص طور پر خواتین جو بچوں کا پہلا مدرسہ ہوتی ہیں وہ خود جب نماز وں کو چھوڑینگی تو انکی اولاد اور انکی نسلیں کیسے نماز کی پابند ہونگی ۔ حضرت نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کے اصلاحی و تبلیغی مشن اور تحریکات پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ کمیٹی جہاں اپنے جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ ہندوستان بھر میں منفرد شناخت رکھتی ہے وہیں یہ دو عظیم تحریکات ’’ تحریک صلوٰۃ ــ ــ ٗ ٗ اور ’’تحریک حجاب ٗ ٗ بھی قابل تعریف اور قابل ستائش کارنامے ہیں ۔ محمد شاہد قبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا تحریک صلوٰۃ کے ضمن میں کمیٹی وفد کی شکل میں کئی علاقوں کی مساجد میں نمازِ فجر ، عصر ،مغرب اورعشاء میں نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ جائزہ لے رہی ہے الحمد للہ تحریک صلوٰۃکے کامیاب نتائج سامنے ہیں ، کئی مساجد میں جہاں مصلیوں کی تعداد نہ کی برابر ہوتی تھی آج آدھی سے زائد مسجد مصلیوں سے بھری نظر آرہی ہے جو قابل تحسین ہے ۔ نوجوانوں کو نمازوں کا پابند بنانے اور ترکِ نماز کے عذابات کے متعلق خصوصی بیانات اور پیغامات کے ذریعہ مسلسل ان کی اصلاح کی جارہی ہے ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘ ‘ کے مقصد کے ساتھ ہینڈ بلز ، پوسٹرس ، سوشیل میڈیا Adsکی اشاعت بھی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ نیز شہر کی مساجد کے امام و خطیب حضرات کوبھی جمعہ کے اردو بیان میں نماز کی فضیلت اور ترک ِ نماز کے عذابات سے آگاہ کرنے کی اپیل بھی کی جارہی ہے کمیٹی کی ’’ تحریک ِ حجاب ‘ ‘ کا کام بھی جاری ہے جہاں مسلم خواتین گھروں میں نمازیں ترک کررہی ہیں وہیں بازاروں و دیگر مقامات پر بے پردگی کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہیں جس سے معاشرہ پر تباہ کن اثرات پڑرہے ہیں ۔ والدین و سرپرست اپنی لڑکیوں کو سختی سے نماز اور پردہ کا پابند بنائیں اور اپنے گھروں میں اسلامی ماحول بنائیں تاکہ ہماری نسلیں اسلام پر قائم رہیں ۔جیسا کہ ارشاد ہے نماز بے حیائی و برائیوں سے روکنے والی ہے ۔ اجلاس میں مولانا سید امجد حسینی ، مولانا عبدالمقیت رضا قادری ، مولانا محمد کمالی حسین رضوی ( ناظم اعلیٰ دارالعلوم محمدیہ بالا جی نگر ) ، سید اعزاز محمد قادری ، مولانا شاکر رضا اشرفی ، محمد عادل اشرفی اور کثیرتعداد میں عاشقانِ رسول ؐنے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔



