جنرل نیوز

ڈاکٹر سیدہ مشکورہ حسنیہ جیلانیہ کی (5) اہم کتابوں کی تقریب رسمِ اجراء

حیدرآباد ۔‌ڈاکٹر سیدہ مشکورہ حسنیہ جیلانیہ (سابق اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ عربی انگلش اینڈ فارن لینگویجز یونیورسٹی حیدرآباد انڈیا، وسابق معلمہ کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ) کی پانچ اہم کتب تصوف تصوف کے اردو تراجم کا 24 رجب المرجب 1447ھجری 14 جنوری 2026ء رسم اجرا عمل میں آیا۔

 

ان کتب کا رسم اجرا بموقعہ عرس (مترجمہ کے جد امجد)حضرت مجدد آئین حزب الله حضرت سید اسمعیل عرف ذبیح اللہ شاہ چشتی قادری حسینی حسینی افتخاری قدس سرہ العزیز ابن حضرت سید بابا رحمت الله عاشق چشتی القادری خدانمائی اللہ سرہ العزیز خلیفہ شیخ الاسلام سید افتخار علی شاه حسینی المدنی وطن قدس سرہ کے موقعہ پر علماء و مشائخ کرام کی موجودگی میں عمل میں آیا۔

 

خواتین کی مجلس میں رسم اجرا بدست محل مبارک پروفیسر ڈاکٹر سید محمد تنویر الدین حسنی جیلانی خدانمائی چشتی قادری مد ظلہ (والدہ مترجمہ)اور مرد حضرات میں بدست پروفیسر ڈاکٹر سید محمد تنویر الدین حسنی جیلانی خدانمائی چشتی قادری مد ظلہ (سابق صدر شعبۂ فارسی عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد، وڈائرکٹر مدرسۂ صوفیہ قندھار دکن) اور مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری صاحب(سابق شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ حیدرآباد) کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

 

کتابوں کی تفصیل درج ذیل ہے:

1۔ "معرفتِ شریعت وطریقت

امام صوفیہ ابو عبد الرحمن سلمی شافعی علیہ الرحمہ صاحب طبقات صوفیہ (وفات: 412ھ) ڈاکٹر سیدہ مشکورہ حسنیہ نے اس کتاب کو دو مخطوطات اور دو مطبوعہ نسخوں کو پیش نظر رکھ کر ترجمہ کیا ہے، اردو ترجمہ کے آخر میں عربی متن بھی مع اعراب شامل کیا گیا ہے تاکہ اہل علم اس سے استفادہ کرسکیں، ترجمہ میں اردو زبان اور لسانیات کے فرق کو ملحوظ رکھا گیا اور رواں، شستہ اور بامحاورہ ترجمہ کیا گیا ہے۔ ابتداء میں ایک مفید مقدمہ، کتاب کا تعارف اور اس کی اہمیت بیان کی گئی ہے، اور مصنف فاضل کے حالات کو درج کیا گیا ہے جس سے کتاب کی افادیت میں اضافہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ تخریج اور تحشیہ کا مکمل اہتمام کیا گیا ہے۔

 

ڈاکٹر سیدہ مشکورہ حسنیہ جیلانیہ کے بقیہ چار ترجمہ شدہ کتابیں، صاحب کنز العمال امام علاء الدین علی بن حسام الدین متقی برہان پوری دکنی رحمة الله عليه کے نوک قلم سے نکلی شاہکار عربی کتب ہیں۔ جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

1۔ وصلِ الٰہی کے طریقے

2۔ مقاصدِ علومِ شریعت وطریقت

3۔ سلوکِ نسواں

4۔ برکاتِ تعلیم وتعلم

مصنف: امام علاء الدین علی بن حسام الدین متقی برہان پوری دکنی۔

وصلِ الٰہی کے طریقے، اس کتاب کو چار عربی مخطوطات کے سامنے رکھ کر ترجمہ کیا گیا ہے۔ عربی متن بھی ساتھ میں شامل ہے۔ یہ تصوف اور سلوک کا آسان اور عملی Practical طریقۂ کار کے بیان پر مشتمل ہے۔

 

"مقاصدِ علومِ شریعت وطریقت” میں امام متقی برہان پوری دکنی رحمة الله عليه نے علوم ظاہری اقر باطنی کے مقاصد کو بہت ہی تفصیل سے عام فہم انداز سے بیان فرمایا ہے۔ اور فرض علوم اور کفایہ علوم میں فرق بتایا ہے، اور واضح فرمایا ہے کہ علم باطن جو تزکیہ قلب وتصفیہ روح اور خشوع وخضوع سے متعلق ہے اس کی مبادیات Fundamental کو جاننا ہر مومن کے لئے فرض ہے۔

 

"سلوکِ نسواں” میں عورتوں کے سلوک وطریقت کے آسان طریقہ کار بیان کیا گیا ہے، اور واضح کیا گیا ہے کہ کس طرح ایک خاتون اپنی گھریلو اور پروفیشنل زندگی کے ساتھ ساتھ اللہ تعالٰی تک پہنچ سکتی ہے۔ اس میں مصنف فاضل نے شوہر کی اطاعت اور اولاد کی تربیت وغیرہ سے متعلق 60 احادیث مبارکہ جمع فرمائی ہیں۔

 

کتاب "برکاتِ تعلیم وتعلم” میں علم دین اور دیگر علوم نافعہ کو سیکھنے اور سکھانے کی اہمیت اور فضیلت بتائی گئی ہے، اور دلائل کے ساتھ یہ واضح فرمایا کہ فرائض کی ادائی کے بعد سب سے زیادہ اہم اور فضیلت و ثواب میں بڑھ کر "علم حاصل کرنا اور علم کی روشنی پھیلانا” ہے۔

 

مترجمہ نے ان تمام کتب کے مخطوطات کو ہندوستان اور عرب ممالک کی مختلف لائبریریوں سے حاصل کیا اور کئی ایک مخطوطات کی روشنی میں سلیس اور بامحاورہ ترجمہ کیا ہے۔ علمی اور تحقیقی مناہج Methods کو پیش نظر رکھ کر اس ترجمہ وتحقیق وتخریج کو مکمل کیا گیا ہے۔

 

کتابوں کو اعلی کوالٹی کے کاغذ کے ساتھ شائع کیا گیا یے۔ دار خزائن العرفان حیدرآباد دکن جو مترجمہ کا قائم کردہ ادارہ ہے، سے اس کی اشاعت عمل میں آئی ہے۔ مصندہ سے اور تاجرین کتب سے ان کتابوں کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

 

یہ بات واضح رہے کہ ڈاکٹر سیدہ مشکورہ نے جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن سے اپنی تعلیم مکمل کی اور فاضل اور کامل التفسیر میں گولڈ میڈلسٹ رہ چکی ہیں۔ اور سنہ 2014 کی ابتداء سے انہوں نے تقریبا 4 سال کلیہ البنات جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں مسند تدریس کو زینت بخشی۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد MANUU کے شعبہ عربی وابستہ ہوئیں وہاں پر آپ نے وہاں سے ایم اے اور پی اپچ ڈی (ریگیولر) امتیازی نشانات کے ساتھ مکمل کیااور سنہ 2023 میں انگلش اینڈ فارن لینگویجز یونیورسٹی حیدرآباد EFLU میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دیں۔

 

سنہ 2023 میں آپ نے آن لائن مدرسہ دار خزائن العرفان کا آغاز کیا اور ہندوستان کے علاوہ عرب ممالک سے مختلف مشائخ سے استفادہ کیا۔ اور متعدد مشائخ سے اجازت حدیث حاصل کی۔عرب طلبہ کو مختلف کتابوں کی تدریس کرتی ہیں۔آپ حیدرآباد کی عظیم شخصیت تاج القراء عبد اللہ قریشی ازہری صاحب رحمة الله عليه سابق خطیب وامام مکہ مسجد کی شاگردہ اور تفسیر قرآن مجید میں اجازت یافتہ ہیں۔

 

کتابیں ملنے کے پتے:

+918801300216

+919440068759

متعلقہ خبریں

Back to top button