تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی رکنیت سازی مہم کا زبردست ردعمل، اردو صحافیوں کی درخواست پر رکنیت سازی کی مدت 31 جنوری تک بڑھا دی گئی

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی رکنیت سازی مہم کا زبردست ردعمل،
اردو صحافیوں کی درخواست پر رکنیت سازی کی مدت 31 جنوری تک بڑھا دی گئی
حیدرآباد 22 جنوری (پریس نوٹ) اردو صحافیوں کی واحد ٹریڈ یونین، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی رکنیت سازی کا عمل غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ اردو صحافیوں کی بڑی تعداد کی درخواست اور تجاویز پر یونین نے رکنیت سازی مہم کی مدت میں اضافہ کرکے اسے 20 جنوری سے 31 جنوری تک توسیع دی گئی ہے۔ اس مہم کے دوران یونین کو نہایت حوصلہ افزاء اور زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے، جس سے اردو صحافیوں میں بڑھتے ہوئے اتحاد، بیداری اور تنظیمی شعور کا واضح اظہار ہوتا ہے۔
یونین کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین اردو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے مؤثر حل اور صحافت کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل سنجیدگی اور عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اردو صحافیوں کی درخواست کے پیشِ نظر رکنیت سازی کی مدت میں یہ آخری توسیع دی گئی ہے اور 31 جنوری کے بعد کسی بھی صورت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
تنظیم کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر ساجد معراج نے اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین ملک کی پہلی اردو ٹریڈ یونین ہونے کا اعزاز رکھتی ہے، اس کو اردو صحافت کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم اردو صحافیوں کو ایک متحد، مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے، جس کے ذریعہ صحافی اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کرسکتے ہیں۔
وہیں تنظیم کے سکریٹری جنرل مفتی محمد رئیس الدین قاسمی نے اہل اردو صحافیوں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی گمراہی کا شکار نہ ہوں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکیمات سے استفادہ کے لیے 31 جنوری سے قبل اپنی رکنیت مکمل کرکے اس تاریخی، نمائندہ اور باوقار تنظیم کا حصہ بنیں، اور اردو صحافت کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔



