ایجوکیشن

خانہ پور اقلیتی اسکول و کالج میں داخلہ مہم کے پوسٹروں کی رسمِ اجراء

خانہ پور۔‌ریاست تلنگانہ ضلع نرمل کے خانہ پور میں واقع تلنگانہ مائناریٹیز ریذیڈینشل اسکول اور کالج (بوائز) میں آج داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر داخلہ مہم کے پوسٹروں کی رسمِ اجراء انجام دی گئی۔ اس پروگرام میں آر ایل سی عادل آباد و نرمل کیپٹن محمد سلیم الدین، ویجلینس آفیسر نذیر احمد، پرنسپل عبدل احمد، جامع مسجد کے صدر محمد ظہیر احمد، وارڈ کونسلر شبیر پاشا، کانگریس قائدین شوکت پاشا، وسیع خان، ایم آئی ایم صدر شیخ عقیل اور افسر خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر ایل سی کیپٹن محمد سلیم الدین نے بتایا کہ خاناپور میں واقع تلنگانہ مائناریٹیز ریذیڈینشل اسکول اور کالج (بوائز) میں پانچویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر (ایم پی سی، بی پی سی) میں داخلے شروع ہو چکے ہیں۔پانچویں جماعت میں اقلیتی طلبہ کے لیے 30 نشستیں دستیاب ہیں، جن میں پہلے درخواست دینے والوں کو داخلہ دیا جائے گا، جبکہ غیر اقلیتی طلبہ کے لیے 10 نشستیں لاٹری (لکی ڈرا) کے ذریعے دی جائیں گی۔

 

اسی طرح انٹرمیڈیٹ ایم پی سی اور بی پی سی گروپس میں اقلیتی طلبہ کے لیے 60 نشستیں اور غیر اقلیتی طلبہ کے لیے 20 نشستیں دستیاب ہیں۔ علاوہ ازیں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت میں اقلیتی طلبہ کے لیے چند بیک لاگ نشستیں بھی موجود ہیں۔اس موقع پر پرنسپل عبدل احمد نے خاناپور، کڈم، پمبی اور دستورآباد منڈل کے اطراف کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے غریب طلبہ کو مکمل طور پر مفت تعلیم، مفت ہاسٹل کی سہولت اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ روزانہ معیاری اور لذیذ کھانا، مفت نوٹ بکس، درسی کتابیں اور بستر کا سامان فراہم کیا جاتا ہے۔

 

کیمپس میں کشادہ کھیل کا میدان موجود ہے اور تجربہ کار تدریسی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔داخلوں سے متعلق مزید معلومات کے لیے اسکول کیمپس میں قائم ہیلپ ڈیسک سے رجوع کرنے کی اپیل کی گئی۔ داخلوں کی آخری تاریخ 28 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button