ایجوکیشن

ایس ایس سی مارچ 2026 امتحانات کی تیاری کا باقاعدہ آغاز طلبہ محنت، نظم و ضبط اور صحت کا خاص خیال رکھیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا بیان

ایس ایس سی مارچ 2026 امتحانات کی تیاری کا باقاعدہ آغاز

طلبہ محنت، نظم و ضبط اور صحت کا خاص خیال رکھیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا بیان

حیدرآباد، 22 جنوری 2026 (پریس نوٹ):

ایس ایس سی مارچ 2026 کے سالانہ امتحانات میں شریک ہونے والے امیدواروں (طلبہ و طالبات) کی بہتر تیاری اور اعتماد کے ساتھ امتحان لکھنے کی غرض سے حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے پریکٹس امتحانات کا باقاعدہ سلسلہ آج22 جنوری 2026 سے شروع ہو گیا ہے اس مرحلہ وار تیاری کے تحت پہلا پریکٹس پیپر، دوسرا پریکٹس پیپر اور اس کے بعد پری فائنل امتحان منعقد کیا جائے گا، تاکہ طلبہ کو سالانہ امتحانات میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور وہ مکمل خود اعتمادی کے ساتھ پرچے تحریر کر سکیں۔

اسی سلسلے میں گورنمنٹ ہائر اسکول دارالشفاء حیدرآباد میں منعقدہ رہنمائی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، چیئرمین لینگویج ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن، نے طلبہ و طالبات کو نہایت پُرخلوص اور درد مندانہ انداز میں نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اب امتحانات کی کڑی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، لہٰذا طلبہ کو چاہیے کہ اپنی تمام تر توجہ صرف اور صرف مطالعہ، مشق اور پیپروں کی پریکٹس پر مرکوز رکھیں۔

مولانا نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ غیر ضروری دعوتوں، تقریبات اور وقت ضائع کرنے والی سرگرمیوں سے حتی الامکان گریز کریں اور روزانہ باقاعدگی کے ساتھ مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کے بغیر کامیابی کا تصور ممکن نہیں، مگر محنت کے ساتھ نظم و ضبط اور صحت کا خیال رکھنا بھی بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ رات کو جلد سونے اور صبح جلد بیدار ہونے کی عادت اپنائیں، وقت پر کھانا کھائیں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں، کیونکہ اگر صحت متاثر ہو تو امتحان لکھنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رات دیر تک جاگنا اور پھر تھکے ہوئے ذہن کے ساتھ امتحان دینا کسی بھی طرح مفید نہیں، کیوں کہ جب جسم یا دماغ تھکن کا شکار ہو جائے تو لکھنے، سمجھنے اور یاد کرنے کی صلاحیت متاثر ہو جاتی ہے۔

مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مزید کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ ایک منظم شیڈول کے تحت اپنا روزمرہ کا مشغلہ جاری رکھیں، مسلسل مشق کرتے رہیں اور اساتذہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ یہی محنت، پابندی اور یکسوئی انہیں امتحانات میں نمایاں کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام طلبہ و طالبات کو صحت، یکسوئی اور کامیابی عطا فرمائے، ان کی محنت کو قبول فرمائے اور انہیں ایس ایس سی مارچ 2026 کے امتحانات میں شاندار کامیابی نصیب فرمائے۔

آمین۔

متعلقہ خبریں

Back to top button