تلنگانہ

ضلع آصف آباد میں اردو ٹریڈ یونین کی نئی باڈی تشکیل، مرزا سلیم بیگ صدر، منورالدین جنرل سکریٹری مقرر

ضلع آصف آباد کے تقریباً تمام صحافیوں کی ٹی یو ڈبلیو جے یو میں شمولیت

ضلع آصف آباد میں اردو ٹریڈ یونین کی نئی باڈی تشکیل، مرزا سلیم بیگ صدر، منورالدین جنرل سکریٹری مقرر

کمرم بھیم آصف آباد، 24 جنوری (پریس نوٹ) اردو زبان کی بقا و فروغ اور اردو صحافت کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) ضلع آصف آباد کی نئی باڈی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ضلع کے سابق صدر مرزا سلیم بیگ اور ان کے رفقاء نے باضابطہ طور پر ٹی یو ڈبلیو جے یو میں شمولیت اختیار کرلی، جسے اردو صحافت کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

 

ضلع مرکز آصف آباد میں منعقدہ ایک پُرامن، منظم اور متفقہ انتخابی پروگرام کے دوران نئی ضلعی باڈی کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں مرزا سلیم بیگ کو صدر، محمد شرف الدین اور محمد اعجاز کو نائب صدور، محمد منورالدین کو جنرل سکریٹری اور سید اقبال کو خازن منتخب کیا گیا۔

 

یہ انتخابی عمل مرزا سلیم بیگ (نمائندہ منصف آصف آباد) کی نگرانی اور تعاون سے ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے تمام اردو صحافیوں کے اشتراک سے انجام پایا۔

 

اس پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی ریاست تلنگانہ کے نامور، بے باک اور سینئر صحافی ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری (صدر، ریاستی تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین) شریک رہے، جبکہ مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے مولانا مفتی رئیس الدین قاسمی (سکریٹری جنرل، ٹی یو ڈبلیو جے یو)، ڈاکٹر ساجد معراج (ریاستی بانی سرپرستِ اعلیٰ)، مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی (ریاستی سکریٹری)، نواب محمد ابرار اللہ (کنوینر، حیدرآباد)، محمد علیم (ضلع صدر، عادل آباد) اور محمد اکبرالدین (پی آر او، عادل آباد) نے شرکت کی۔

 

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور صحافی اپنے قلم کے ذریعے عوام کو انصاف دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کسی ایک مذہب یا قوم تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ گیر، تہذیبی اور شیریں زبان ہے، جس کے فروغ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔

 

ریاستی صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے کہا کہ کسی بھی تنظیم کی کامیابی کا راز اس کے کام اور کردار میں پوشیدہ ہوتا ہے، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پاور کمیٹی میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کو نمائندگی حاصل ہے، جو اسے دیگر تنظیموں سے ممتاز بناتی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی و ضلعی ایکریڈیشن کمیٹیوں میں اردو میڈیا کے نمائندوں کو شامل کروانا بھی اس تنظیم کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کردار و گفتار میں یکسانیت اس تنظیم کا نمایاں وصف ہے۔

 

ڈاکٹر ساجد معراج نے اپنے خطاب میں صحافت کے بنیادی اصولوں اور صحافتی ذمہ داریوں پر اور سابق جی او 239 اور نئے جی او 252 پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ اس یونین کو ہائی کورٹ کے ذریعہ جی او 239 کی منسوخی کا اعزاز حاصل ہے۔

 

مولانا مفتی رئیس الدین قاسمی نے کہا کہ تنظیم کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں اردو صحافیوں کو ریاست میں ایک منفرد شناخت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اردو صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ غیر اردو داں قیادت کے بجائے حقیقی اردو داں صحافی قائدین کے ساتھ جڑیں اور گمراہ کن پروپگنڈے سے متاثر نہ ہوں۔

 

ریاستی سکریٹری مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے کہا کہ تنظیم کے مرکزی قائدین اردو صحافت کے افق پر آفتاب و مہتاب کی مانند ہیں اور اردو صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کی بازیابی کے لئے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔

وہیں جناب محمد علیم، ضلع صدر عادل آباد، نے کہا کہ ٹی یو ڈبلیو جے یو ملک کی واحد اردو صحافیوں کی ٹریڈ یونین ہے اور اس سے وابستہ رہنا اردو صحافیوں کے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ صحافیوں کی حقیقی فلاح و بہبود اسی پلیٹ فارم سے ممکن ہے۔

 

مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ اردو اخبارات و رسائل کی خریداری کو فروغ دیں، اشتہارات اردو اخبارات میں شائع کروائیں، تجارتی اداروں پر اردو سائن بورڈز نصب کریں اور سوشل میڈیا پر رومن انگریزی کے بجائے خالص اردو زبان میں تحریریں شائع کریں، کیونکہ اردو عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے۔

 

آخر میں تمام مہمانانِ خصوصی، ریاستی ذمہ داران اور نو منتخب ضلع باڈی کے اراکینِ عاملہ کو تہنیت پیش کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹی یو ڈبلیو جے یو کے پلیٹ فارم سے اردو زبان اور اردو صحافت کی خدمت پوری قوت اور اخلاص کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

 

پروگرام کا آغاز حافظ و قاری محمد ساجد خان (نمائندہ آداب تلنگانہ و ٹی ٹی وی نیوز) کی خوش الحانی سے تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے نعتِ شریف پیش کی۔ استقبالیہ خطاب مرزا سلیم بیگ نے کیا، جبکہ نظامت کے فرائض محمد منور خان نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button