ایجوکیشن

ایم ایس لطیفی 40 کے سابق طلبہ کی ’بزمِ یاراں‘۔ آئی آئی ٹی ایئنس اور این آئی ٹی ایئنس پر مشتمل ایم ایس لطیفی 40 کے 12 بیاچز یکجا

25 جنوری، حیدرآباد (پریس ریلیز)محمد زی احترام کا تعلق ریاست جھاڑکھنڈ کے ایک چھوٹے سے شہر سے ہے۔ ز ی احترام سال 2012 میں قائم ہونے والے ایم ایس لطیفی 40 کی پہلی بیچ کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ جے ای ای مینز میں نمایاں اور امتیازی کامیابی حاصل کرنے کے بعد زی احترام کو ملک کے نہایت باوقار آرکیٹکچر تعلیمی ادارے، اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹکچر (ایس پی اے) میں داخلہ ملا۔

 

یہاں سے بی آرک کی تکمیل کے بعد انہوں نے دنیا کی صفِ اول کی بڑی اور ممتاز کمپنیوں میں اپنی خدمات انجام دیں اور اس وقت وہ خود ایک آرکیٹکچر فرم کے بانی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔جب زی احترام کو یہ اطلاع ملی کہ ایم ایس لطیفی 40 کے سابق طلبہ کا المنائی میٹ ’بزمِ یاراں‘ منعقد کیا جا رہا ہے تو انہوں نے اپنی انتہائی مصروف پیشہ ورانہ مصروفیات کے باوجود اس پروگرام میں شرکت کے لیے فوری طور پر حامی بھر لی۔

 

اس المنائی میٹ کے اعلان کے ساتھ ہی زی احترام کی طرح ایم ایس لطیفی 40 کے120سابق طلبہ نے بھی بلا تاخیر حیدرآباد کے سفر کا ارادہ کر لیا۔ایک اور سابق طالب علم ندیم گوہر نے المنائی کے اس میٹ کے لئے گزشتہ چھ ماہ سے کوشش میں لگے تھے انہوں نے اس کے لئے ایک ویب سائٹ بھی تیار کی ہے ۔اس المنائی میٹ کا بنیادی مقصد عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور نیشنل انسٹی ٹیویٹ آف ٹکنالوجی (این ا ٓئی ٹی) اور قومی اہمیت کے حامل دوسرے باوقار تعلیمی ادارے سے

 

فارغ التحصیل ایم ایس لطیفی 40کے سابق طلبہ کو ایک دوسرے سے متعارف کروانا اور باہمی ربط و تعلق کو فروغ دینا ہے، تاکہ انہیں ایک مؤثر اور مضبوط نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ اسی مقصد کے تحت ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے حیدرآباد کے نبی کریم کالونی میں، میر عالم تالاب کے کنارے واقع جدید البناء واٹر فرنٹ میں سہ روزہ المنائی میٹ کا اہتمام کیا گیا۔المنائی میٹ میں شرکت کے لیے ایم ایس کے سابق طلبہ، جو اس وقت مختلف معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، کی آمد کا سلسلہ بروز جمعہ ہی سے شروع ہو چکا تھا۔

 

اس المنائی میٹ کے پہلے دن صبح کے سیشن میں طلبہ کے مابین تعارفی نشست منعقد کی گئی، جس کے دوران تمام سابق طلبہ نے فرداً فرداً اپنا تعارف پیش کیا اور اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر سے متعلق تجربات شیئر کیے۔اس موقع پر ایم ایس کے سابق طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی عاصم افتخار نے بحیثیت مسلمان سماج میں ذمہ داریوں اور فرائض کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ طلبہ دنیا کے نہایت باوقار تعلیمی اداروں میں سے ایک آئی آئی ٹی اور دوسرے باوقار اداروں سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں اور عالمی سطح پر بااثر کمپنیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کے کردار اور فیصلے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

 

المنائی میٹ ’بزمِ یاراں‘ سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی محمد لطیف خان نے سابق طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں، علم اور وژن کو کمیونٹی کی خدمت اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ معاشرتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے فکری طور پر تیار رہیں اور اپنی عملی زندگی کے ذریعے دوسروں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں فعال کردار ادا کریں۔ محمد لطیف خان نے واضح کیا کہ لطیفی 40 سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور انہیں مؤثر نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم  کرنے کے مقصد سے ہی ’بزمِ یاراں‘ المنائی میٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے۔

 

اس موقع پر ایم ایس کے منیجنگ ڈائرکٹرس محمد انور اور ڈاکٹرمعظم حسین نے بھی طلبہ سے ملاقات کی اور ان کی مختلیف میدانوں مین اعلٰی کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔المنائی میٹ کے دوران مختلف خصوصی سیشنز کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں دوسرے دن، ماہر معاشیات اور تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے رکن پروفیسرامیراللہ خان نے خطاب کیا۔ ان سیشنز میں طلبہ کو کیریئر، قیادت اور سماجی ذمہ داریوں سے متعلق قیمتی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ معروف گیمز جوکی علی ساگر نے اپنے دلچسپ شو کے ذریعے المنائی میٹ کے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائریکٹر، جناب افضل الرحمن نے استنبول (ترکی) سے ویڈیو فون کے ذریعے سابق طلبہ سے خطاب کیا۔ جناب افضل الرحمن ایم ایس لطیفی 40 کے بانی اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2012 سے 2023 تک ایک کلیدی استاد اور موٹیویٹر کے طور پر لطیفی 40 کے تقریباً دس بیاچز کی رہنمائی کی۔ لطیفی 40 کے سابق طلبہ آج بھی انہیں گہرے احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے ہمیشہ طلبہ کو تعلیمی میدان میں نمایاں اور شاندار کارکردگی کے لیے بھرپور حوصلہ افزائی فراہم کی۔اس موقع پر لطیفی 40 کے سابق طلبہ نے اپنے دور کے اساتذہ حافظ الرحمن، شرما اور وی این گپتا کا پُرجوش اور گرم جوشی سے استقبال کیا۔ اس کے ساتھ ہی مرحوم استاد وینکٹ گری کو بھی عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا گیا اور ان کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

 

ایم ایس لطیفی 40 ، ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے ذریعہ ملک بھر سے دسویں جماعت کے ہونہار طلبہ کو منتخب کرتے ہوئے انہیں انجینئرنگ ، میڈیسن ، کے باوقار تعلیمی اداروں جیسے آئی آئی ٹی ، ٹرپل آئی ٹی ، این آئی ٹی ، اور دیگر قومی سطح کے حامل اداروں میں داخلہ کے لئے تعلیم اور تربیت فراہم کرنا ۔ اس پروگرام کے ذریعہ اب تک تقریباً پانچ سو طلبہ فارغ ہو چکے ہیں اور ملک و بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button